منی سیکٹریٹ بارہمولہ کی خستہ حال عمارت

بارہمولہ //قصبہ بارہمولہ میں منی سیکٹریٹ میں سرکار کی عدم توجہی کی وجہ سے بنیادی سہولیات کا فقدان ہے ۔جس کے نتیجے میں ملازمین اور مقامی لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق اس عمارت میں کئی دفاتر ہیں جن میں محکمہ تعلیم ، یوتھ سروس اینڈ اسپورٹس اور دیگر کئی دفاتر موجود ہیں لیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ یہاں پر جگہ کی کمی ،بیت الخلا کی عدم دستیابی اور عمارت کی خستہ حالی جسی بنیادی سہولیات کا فقدان ہے ۔لوگوں کے مطابق اس کے علاوہ عمارت کے آس پاس گندگی اور غلاظت کے ڈھیر جمع ہوگئے ہیں جس کے وجہ سے یہاں بیماریاں پھیلنے کا خطرہ لاحق ہے ،جسے ملازمین اور اپنے اپنے کاموں کیلئے آئے ہوئے لوگوں کو بھی زبردست مشکلات کا سامنا ہے ۔ایک مقامی ملازم نے کشمیر عظمیٰ کو نام ظاہر نہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس عمارت کی حالت اس قدر خراب ہے کہ جب دن میں بجلی نہیں ہو تی تو پورے دفتر میں اندھیرا چھا جاتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ جگہ کی کمی کی وجہ سے ایک ایک کمرے میں پانچ کلرکوں کو بیٹھنا پڑتا ہے،اور جب کوئی باہر سے آجاتا ہے تو اُس کیلئے جگہ موجود نہیں ہوتی ہے ،اس کے علاو ہ عمارت میں تمام لائٹس بیکارہوچکے ہیں اور لوگوں کو موبائیل فون کے ذریعے لائٹس استعمال کرنی پڑتی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ بیت الخلا کی عدم دستیابی کی وجہ سے ملازمین اور لوگوں کو کافی مشکلات درپیش آرہے ہیں ۔ایک اور ملازم نے بتایا کہ اس منی سیکٹریٹ میں ضلع کے آٹھ آفسران بیٹھتے ہیں،لیکن بدقسمتی سے عمارت کے چاروں طرف سے گندگی جمع ہوئی ہے جس کے نتیجے میں پورے دفتر میں بد بو پھیل چکی ہے ،جو ملازمین اور لوگوں کیلئے درد سر ہے ،تاہم اس کی طرف کوئی دھیان نہیں دیا جارہا ہے ۔انہوں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ یا تو اس منی سیکٹریٹ کی عمارت کو بند کیا جائے یا پھر اس کی مرمت کی جائے تاکہ ملازمین اور عام لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔