منگل دیوی قلعہ۔ مندر سڑک پر تار کول بچھانے کی مانگ

راجوری//راجوری ضلع کے نوشہرہ سب ڈویژن کے مکینوں نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ منگل دیوی قلعہ اور مندر کو ملانے والی سڑک پر بلیک ٹاپ کیا جائے تاکہ عقیدت مندوں اور سیاحوں کو درپیش مشکلات کو دور کیا جا سکے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سینکڑوں برس قبل تعمیر کیا گیا منگل دیوی قلعہ اور مندر مذہبی بنیادوں کے ساتھ ساتھ سیاحتی نقشے پر بھی بہت اہمیت کا حامل ہے جہاں روزانہ سینکڑوں لوگ اس جگہ کا رخ کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ لوگ قلعہ میں واقع مندر میں سجدہ ریز ہوتے ہیں اور قلعے کی ایک جھلک بھی دیکھی جاتی ہے جو ڈوگرہ راج کے دوران تعمیر کے خوبصورت طریقہ کار کو ظاہر کرتا ہے۔ دیہاتیوں نے مزید کہا کہ قلعہ کو نوشہرہ سیری روڈ سے جوڑنے والی واحد مرکزی سڑک زیر تعمیر ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ پچھلے ایک سال سے زیادہ عرصے سے پی ایم جی ایس وائی روڈ پر کام جاری ہے لیکن ابھی تک اسے مکمل نہیں کیا جا سکا ہے اور فی الحال بجری بچھانے تک کا کام مکمل ہو چکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پہلے یہ سڑک محکمہ تعمیرات عامہ کے تحت تھی اور تقریباً دو سال قبل اسے پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے حوالے کیا گیا تھا۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ سے اس سڑک کو جلد از جلد مکمل کرنے کا مطالبہ کیا۔ایگزیکٹو انجینئر پی ایم جی ایس وائی راجوری ای آر سباش چندر نے کہا کہ منگل دیوی تک اس سڑک کی اپ گریڈیشن پیکیج نمبر JK12 602 کے تحت ہے جو PMGSY-II کے تحت پانچ کلومیٹر کی لمبائی کیلئے منظور شدہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ چار کلو میٹر لمبائی پر کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ سڑک پر بلیک ٹاپنگ 31 مئی 2022 تک مکمل ہو جائے گی۔