مینڈھر+جموں//جمعہ کی صبح پونچھ کے سب ڈویژن مینڈھر کے منکوٹ علاقے میں فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہواجبکہ ہیرانگر میں شہری زخمی ہواہے۔پولیس عہدیداروں نے بتایا کہ جمعہ کی صبح ساڑھے 5 بجے مینڈھر سب ڈویژن کے کرشنا گھاٹی سیکٹر کے منکوٹ علاقے میں پاکستانی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چھوٹے ہتھیاروں اور مارٹروں سے گولہ باری کی۔انہوں نے بتایا’’پاکستانی فوج نے منکوٹ کے دیہاتوں پر ایک گھنٹہ سے زیادہ گولہ باری کی جس سے مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا‘‘۔انہوں نے بتایاکہ گولہ باری سے ڈھانچے کو جزوی نقصان ہوا ہے تاہم جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔جموں میں مقیم دفاعی ترجمان لیفٹنٹ کرنل دیویندر آنند نے بتایا کہ علاقے میں بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کا بھارتی فوج نے موثر انداز میں جواب دیا۔دریں اثناء کٹھوعہ ضلع کے ہیرا نگر سیکٹر کے منیہاری گاؤں میں شام کوبین الاقوامی سرحد کے پار سے مارٹر گولہ باری سے ایک شہری زخمی ہوگیا۔عہدیداروں نے بتایا کہ پاکستانی رینجرز نے سرحد پار سے فائرنگ کی اور اچانک مارٹروں سے شہری علاقوں کونشانہ بنایا۔زخمی شہری رمیش چندر کی اہلیہ آشارانی نے بتایا’’گائوں میں فائرنگ ساری رات جاری رہی، ہم خوفزدہ تھے، ہم اپنے گھر میں تھے جب ایک گولہ ہمارے قریب پھٹا اور رمیش چندر زخمی ہوگئے‘‘۔نائب سرپنچ کلدیپ ورما نے بتایا کہ زخمی کو علاج کیلئے کٹھوعہ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔