منکوٹ میں گولہ باری کا تبادلہ | سرحد پار بچی لقمہ اجل، 4 زخمی

مینڈھر//ہندوپاک افواج کے درمیان اتوار کو بھی کرشنا گھاٹی سیکٹر کے منکوٹ علاقے میں فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہوا۔جموں میں مقیم دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل دیونندر آنند نے بتایا کہ پاکستان کی طرف سے اتوار کی شام سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی جس دوران پونچھ کے منکوٹ سیکٹر میں ایل او سی کے ساتھ چھوٹے ہتھیاروں اور مارٹر سے گولہ باری کی گئی‘‘۔انہوں نے بتایا’’ہندوستانی فوج مناسب جوابی کارروائی کررہی ہے‘‘۔ایک پولیس افسر نے بتایا کہ کسی طرح کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی البتہ علاقے میں شدید گولہ باری جاری ہے۔ادھرپاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فورسز نے ایل او سی کی شہری آبادی کوبھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا۔ بھارتی فوج نے  تتہ پانی اور رکھ چکری سیکٹر میں فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں بڈوری گاؤں ڈیرہ صاحب زادیاں کی 11 سالہ بچی جاں بحق ،75 سالہ خاتون اور دو لڑکوں سمیت چار شہری شدید زخمی ہوگئے ۔