جاوید اقبال
مینڈھر// سب ڈویژن مینڈھر کی سرحدی تحصیل منکوٹ کی پنچایت لوئر گھانی کے وارڈ نمبر 7 میں ایک سڑک منصوبے کو لے کر مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور انتظامی لاپرواہی کا معاملہ سامنے آیا ہے، جس کے بعد مقامی لوگوں میں شدید ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ مقامی باشندہ محمد شریف نے متعلقہ محکمہ کے افسران، خصوصاً جونیئر انجینئر اور ٹھیکیدار پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔محمد شریف کے مطابق محلہ ڈالا میں رابطہ سڑک کی تعمیر کے لئے مالی سال 2025-26 کے تحت تقریباً ایک لاکھ روپے مالیت کا منصوبہ منظور کیا گیا تھا۔ یہ منصوبہ پنچایتی راج اداروں (PRI) کے ترقیاتی فنڈ کے تحت ٹینڈر کیا گیا تھا تاکہ علاقے کے عوام کو بہتر بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں تاہم، ان کا کہنا ہے کہ منصوبہ منظور ہونے کے باوجود آج تک زمینی سطح پر کوئی عملی کام شروع نہیں کیا گیا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ متعلقہ جونیئر انجینئر کی مبینہ ملی بھگت سے منصوبے کے بل تیار کیے گئے اور سرکاری رقم نکال لی گئی، جبکہ حقیقت میں سڑک کی تعمیر یا مرمت کا کوئی کام انجام نہیں دیا گیا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ منصوبے سے متعلق نہ تو تعمیراتی سامان موقع پر پہنچایا گیا اور نہ ہی کسی قسم کی مشینری یا لیبر کو کام کرتے دیکھا گیا۔محمد شریف نے مزید بتایا کہ معاملے کو لے کر کئی بار متعلقہ دفاتر کے چکر لگائے گئے اور حکام کو تحریری و زبانی طور پر آگاہ کیا گیا، لیکن اب تک کسی بھی افسر نے شکایت کا سنجیدگی سے نوٹس نہیں لیا۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کی مبینہ بے ضابطگیاں نہ صرف سرکاری خزانے کو نقصان پہنچا رہی ہیں بلکہ دیہی ترقیاتی منصوبوں پر عوام کے اعتماد کو بھی مجروح کر رہی ہیں۔مقامی باشندوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور سب ڈویڑنل مجسٹریٹ (SDM) مینڈھر سے اپیل کی ہے کہ پورے معاملے کی تکنیکی اور مالیاتی بنیادوں پر غیر جانبدارانہ انکوائری کرائی جائے۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ منصوبے کے ٹینڈر، ورک آرڈر، میڑرمنٹ بک (MB)، بلوں اور فنڈ ریلیز کی تفصیلات کی جانچ کی جائے تاکہ حقیقت سامنے آ سکے۔لوگوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ اگر تحقیقات کے دوران الزامات درست ثابت ہوتے ہیں تو متعلقہ جونیئر انجینئر، ٹھیکیدار اور دیگر ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ساتھ ہی زیر التوا سڑک منصوبے کو فوری طور پر مکمل کر کے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ علاقے کے لوگوں کو آمد و رفت میں پیش آنے والی مشکلات سے نجات مل سکے۔