منڈی//ضلع پونچھ کی منڈی چنڈک سڑک پر کشادگی کا کام گزشتہ چار برس سے مکمل نہ ہو سکا جس کی وجہ سے اس سڑک پر روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ادھر حکام کا کہنا ہے کہ فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے تعمیری کام میں تاخیر ہو رہی ہے۔2018 میں منڈی چنڈک گیارہ کلو میٹر سڑک پر سرکار کی جانب سے کشادگی کا کام شروع کیا گیا تھا جو کہ دس کروڑ روپے کی لاگت سے پورا ہونا تھا مگر چار برس گزر جانے کے بعد بھی اس سڑک کی تعمیر مکمل نہ ہو سکی جس کی وجہ سے اس سڑک پر سفر کرنے والے لوگوں کو سخت ترین مشکلات درپیش ہیں، اگرچہ اس سڑک کا کچھ حصہ تعمیر کیا گیا تھا مگر اس تعمیر شدہ حصہ کی حالت بھی ابتر ہو چکی ہے۔ ادھر اس سڑک پر سفر کرنے والے مسافروں کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کے مالکان اور ڈرائیوربھی چار برس سے سڑک کی بہتر تعمیر کے انتظار میں ہیں۔ عبدل خالق نامی ایک ڈرائیورنے کشمیر عظمی کو بتایا کہ چار برس قبل منڈی چنڈک سڑک پر کشادگی کا کام شروع کیا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ چھ برسوں سے مذکورہ سڑک پر ہی گاڑی چلا کر اپنی اہل خانہ کا پیٹ پالتا ہے ۔ڈرائیوروں نے بتایا کہ انہوں نے بینکوں سے قرض لے کر گاڑیاں خریدی ہوئی ہیں لیکن سڑک کی انتہائی خستہ حالت کی وجہ سے اب ان کی نئی گاڑیاں بھی خراب ہونا شرو ع ہو گئی ہیں ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر چہ چنڈک تا منڈی سڑک پر کشادگی کا کام کیا گیا ہے اور چند جگہوں پر تارکول بھی بچھایا گیا ہے مگر سڑک پر مکمل کام نہ کرنے کی وجہ سے وہ حصہ بھی خستہ ہوگیا ہے۔مکینوں و ڈرائیوروں نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ تعمیر اتی عمل کو ختم کر کے جلدازجلد سڑک مکمل کی جائے تاکہ ان کی دقتیں کم ہو سکیں ۔محکمہ تعمیرات عامہ کے اسسٹنٹ ایگز یکٹو انجینئر نے بتایا کہ فنڈز کی قلت کی وجہ سے کام مکمل نہیں ہو پارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مزید فنڈز کیلئے اعلیٰ حکام کو تحریری طورپر لکھا گیا ہے ۔