منڈی میں کار سڑک حادثہ، ایک شخص لقمہ اجل سڑک کی ابتر حالت کی وجہ سے ہوا حادثہ، عوام کا الزام

 عشرت حسین بٹ

منڈی//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے علاقہ اڑائی میں پیرکی صبح ایک ایکو کار سڑک حادثے کا شکار ہوئی جس دوران ایک شخص لقمہ اجل بن گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایک ایکو کار زیر نمبر JK12۔6387جوکہ منڈی کے علاقہ اڑائی سے منڈی صدر مقام کی طرف روانہ تھی،اڑائی کھٹھہ کے مقام پر حادثے کا شکار ہو گئی جس دوران گاڑی میں سوار ایک شخص موقع پر ہی لقمہ اجل بن گیا جس کی شناخت محمد الطاف ولد محمدا ساکنہ اڑائی کے طور پر ہوئی ۔ پولیس نے بتایا کہ یہ سڑک حادثہ شدید بارش اور سڑک پر پھسلن کی وجہ سے ہوا ۔

 

ادھر اڑائی کی عوام نے کہا کہ سڑک کی ابتر حالت کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا جس میں قیمتی جان کا زیاں ہوا۔ اڑائی پنچایت کے سابقہ نائب سرپنچ محمد شفیق نے کہا کہ اڑائی سڑک کی حالت اتنی ابتر ہے کہ اس سے انسانوں کا بھی پیدل چلنا محال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ متعدد بار انہوں نے محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے اعلیٰ افسران اورخود ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے سڑک کی حالت کو بہتر بنانے کے حوالے سے کہا ۔ان کا کہنا تھا کہ سواے یقین دہانی کے افسران نے کچھ بھی نہیں کیا جس کی وجہ سے آئے روز ایسے حادثات ہوتے آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ضلع انتظامیہ کی نااہلی کا ثبوت ہے کہ اڑائی علاقہ کی بیس ہزار سے زائد آبادی اس ترقی یافتہ دور میں بھی بہتر سڑک ،بجلی ،پانی جیسی سہولیات سے محروم ہے۔ اڑائی کی عوام نے لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل کی کہ ان کے علاقے کی سڑک بجلی پانی کا نظام بہتر کیا جائے تاکہ لوگوں کی جانوں کا تحفظ ہو سکے۔