منڈی//گزشتہ دنوں منڈی میں ریاستی حکومت کی طرف سے تحصیل منڈی کیلئے ڈگری کالج کی منظوری کے بعد عوام میں خوشی پائی جارہی ہے۔ اسی سلسلہ میں پی ڈی پی ورکران نے ایم ایل اے حویلی پونچھ شاہ محمد تانترے کی قیادت میں سنیچر کو ایک ریلی کا اہتمام کیا جس میں سینئرلیڈر شمیم احمد گنائی اور پارٹی کے دیگر کارکنان بھی شامل تھے ۔یہ ریلی چیک پوسٹ اعلیٰ پیر سے شروع ہو کر منڈی تحصیل کمپلیکس کے پاس پہنچی جہاں ایک جلسے کا اہتمام کیا گیا تھا۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے شاہ محمد تانترے نے کہاکہ یہ ڈگری کالج اللہ کے فضل وکرم اور عوامی تعاون سے منڈی تحصیل کو ملا ہے جو یہاں کی عوام کی ایک دیرینہ مانگ تھی۔ انہوں نے کہاکہ سابق حکومتوں اور سابق ممبران اسمبلی کو عوام ڈھونڈتی رہتی تھی مگر وہ ملتے نہیں تھے لیکن آج مستحقین کو وہ ڈھونڈ ڈھونڈ کر ان کا حق دلوانے کی کوشش کررہے ہیں۔ ان کاکہناتھا کہ وہ ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور ریاستی وزیر تعلیم الطاف بخاری کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے تحصیل منڈی کی عوام کی اس مانگ کو پورا کیا۔تانترے نے تحصیل منڈی کی عوام کو مبارک باد پیش کی۔ شمیم احمد گنائی نے کہا کہ وہ ریاستی وزیر اعلیٰ اوروزیر تعلیم کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوںنے کالج کے قیام کو منظوری دی ۔ انہوں نے نیشنل کانفرنس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ چالیس سال سے منڈی کی عوام سے ووٹ لے کر ان کا ہر حساب سے استحصال کرتے رہے ۔انہوں نے کہا کہ منڈی کو تحصیل کا درجہ مرحوم مفتی محمد سعید کی حکومت کے دوران ملا جبکہ محبوبہ مفتی کی لیڈر شپ میں منڈی میں ڈگری کالج کا قیام ،پالی ٹیکنیک کالج منڈی ،بائی پاس پل اور لورن ٹنگ مرگ شاہراہ کا قیام بھی ہوا۔ انہوں نے کہا کہ منڈی تحصیل اگر اسوقت ترقی کی راہ پر گامزن ہے وہ صرف پی ڈی پی اور یہاں کی لیڈر شپ کی وجہ سے ہے۔ جلسے سے بلال مقدومی ،شکیل پرے ،بشیر احمد، رشید زرگر وغیرہ نے بھی خطاب کیا۔