منڈی//ریاستی حکومت کی طرف سے گورنمنٹ ڈگری کالج کا حکمنامہ جاری ہوتے ہی منڈی تحصیل میں خوشی کی لہر دیکھنے کو ملی۔مقامی عوام نے کہا کہ گزشتہ تین دہائیوں سے وہ منڈی میں کالج خواب دیکھ رہے تھے جس کی تعبیر آج ہوئی۔منڈی کی مختلف سماجی ،سماجی اور دوسری تنظیموں نے کالج کے اعلان پر ریاستی حکومت اور ریاستی وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایک دیرینہ اور جائز مانگ پوری کی گئی ہے جس سے یہاں کے طلباء کو مقامی سطح پر ہی اعلیٰ تعلیم کی سہولت مل سکے گی ۔ دریں اثنا پی ڈی پی یوتھ اور بلاک صدر منڈی بلال مقدومی نے کالج کیلئے ممبراسمبلی حویلی شاہ محمد تانترے کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ انہوںنے کالج کی خاطر جدوجہد جاری رکھی جس میں کامیابی ملی ۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ منڈی کے طلباء کو اعلیٰ تعلیم کیلئے پونچھ کا سفر کرناپڑتاہے جو ان کیلئے کافی مہنگا اور طویل ثابت ہوتاہے ۔انہوںنے کہاکہ وہ ریاستی وزیر اعلیٰ اور وزیر تعلیم کے بھی شکر گزار ہیںجنہوںنے اس مانگ کو پورا کیا ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے رضا کار تنظیم احساس فائونڈیشن کے چیئرمین پرویز ملک (آفریدی) نے کہا کہ آج تک پونچھ حلقہ انتخاب سے جیتنے والے ممبران اسمبلی نے علاقے کے لوگوں کی مانگ پورا نہیں کروائی اور شاہ محمد تانترے مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوںنے جدوجہد جاری رکھتے ہوئے ریاستی حکومت سے کالج کو منظور دلائی ۔انہوں نے کہا کہ منڈی کی عوام مبارک باد کی مستحق ہے ۔وہیں منڈی یوتھ ڈیولپمنٹ فرنٹ نے اپنا احتجاج منسوخ کردیاہے جو کالج کی مانگ کیلئے کیاجارہاتھا۔فرنٹ کے صدر آفتاب گنائی نے کہا کہ وہ منڈی کالج کو حکومت کی طرف سے منظوری پر احتجاج کومنسوخ کرتے ہیں اور حکومت کاکالج کی منظوری کیلئے شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ واضح رہے کہ آفتاب گنائی کی قیادت میں چند روز قبل احتجاج کیاگیاتھا جس دوران مظاہرین نے گاڑیوں کی آمدورفت بھی معطل رکھی جس پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے مقامی پی ڈی پی یونٹ نے کہاتھاکہ کالج کا اعلان بہت جلد ہوجائے گااور کچھ لوگ بلا جواز احتجاج کررہے ہیں ۔سیول سوسائٹی منڈی،یوتھ غلامان مصطفی،سٹوڈنٹس فیڈریشن منڈی و دیگر تنظیموںنے بھی کالج کے قیام کا خیر مقدم کرتے ہوئے حکام کا شکریہ ادا کیاہے ۔