عشرت حسین بٹ
منڈی //تحصیل منڈی کے صدر بازارمیں دکانداروں نے اپنی مدد آپ کے تحت بازار میں نالیاں تعمیر کیں۔تاجروں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی عرصہ سے خستہ حال پڑی ہوئی نالیوں کی انتظامیہ کی جانب سے مرمت ہی نہیں کی گئی جس سے تنگ آکر انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت نالیوں کی تعمیر عمل میں لائی ۔واضح رہے کہ دو ماہ قبل منڈی صدر بازار میں انتظامیہ کی جانب سے نالیاں تعمیر اور سڑک پر تار کول بچھانے کا کام شروع کیا تھا اگرچہ سڑک پر تارکول پوری طرح بچھایا گیا تھا اور بازار کے کچھ حصہ میں نالیاں بھی تعمیر کی گیں تھیں مگر آدھے سے زیادہ بازار میں نالیوں کی تعمیر کا کام چھوڑ دیا گیا تھا۔ دکانداروں کے مطابق متعدد بار اس معاملے میں انتظامیہ سے گزارش بھی کی گئی کہ بازار میںنالیوں کی تعمیر مکمل کی جائے مگر انتظامیہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی جس کی وجہ سے دکانداروں نے چندہ کر کے نالیوں کی تعمیر شروع کر دی ہے ۔تاجروں نے انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ تعمیرات عامہ کے افسران زبانی جمع خرچ کر کے عوام اور دکانداروں کو بے وقوف بنا رہے ہیں ۔رابطہ کرنے پر محکمہ تعمیرات عامہ کے اسسٹنٹ ایگز یکٹو انجینئر نے کہا کہ متعلقہ ٹھیکیدار کو ابھی تک تعمیر کی گئی نالیوں اور تارکول کا پیسہ واگزار نہیں ہوا ہے جس کی وجہ سے نالیوں کی تعمیر کا کام رہ گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے محکمہ کے اعلی آفسران کو تحریری طور پر لکھا ہے کہ وہ تعمیری کام کے لئے فنڈز جلد واگزار کریں ۔انہوں نے کہا کہ ٹھیکیدار کو پیسہ ملتے ہی بچا ہوا تعمیری کام بھی مکمل کیا جائے گا۔