عشرت حسین بٹ
منڈی//جمعہ کو بعد دوپہر منڈی تحصیل کے ساوجیاں علاقہ میں ایک شہری ریچھ کے حملے میں شدید طور پر زخمی ہو گیاجسے مقامی لوگوں کی مدد سے علاج و معالجہ کے لئے سب ضلع ہسپتال منڈی لایا گیا اور ابتدائی علاج کے بعد اُسے مزید علاج کے لئے ضلع ہسپتال پونچھ لے جایا گیا جہاں و زیر علاج ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق پونچھ ضلع کے علاقہ بانڈی چچیاں سے تعلق رکھنے والا ایک شخص اپنی ڈھوک واقع نیڑیاں ساوجیاں میں اپنے مال مویشی کو چرار رہا تھا کہ اچانک ایک ریچھ نے اس پر حملہ کر کے اُسے شدید طور پر زخمی کر دیا بعد ازاں نیڑیاں کے مقامی لوگوں نے زخمی شخص کو طبی مرکز ساوجیاں لیا جہاں سے اُسے سب ضلع ہسپتال منڈی لایا گیا جس کی شناخت عبدالرحیم سکنہ بانڈی چچیاں پونچھ کے طور پر ہوئی۔ منڈی سب ضلع ہسپتال کے میڈیکل آفسر ڈاکٹر ساقب نے اس حوالے سے میڈیا کو جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ جمعہ کو بعد دوپہر سوجیاں سے ایک زخمی شخص کو لایا گیا جسے ریچھ نے زخمی کیا ہوا تھا ۔ان کا کہنا تھا کہ سب ضلع ہسپتال منڈی میں زخمی شخص کا علاج کیا گیا بعد ازاں اسے مزید علاج کیلئے ضلع ہسپتال پونچھ لے جایا گیا ان کا کہنا تھا کہ زخمی شخص کی حالت خطرے سے باہر ہے۔