عشرت حسین بٹ
منڈی//پورے جموں و کشمیر کے ساتھ ساتھ ضلع پونچھ میں بھی گرمی اپنے شباب پر ہے وہیں ضلع پونچھ تحصیل منڈی ،جسے گرمیوں میں ٹھنڈی کے لیے جانا جاتا تھا ،میں گزشتہ ایک ہفتہ سے شدید گرمی پڑ رہی ہے اور گزشتہ دو روز سے منڈی قصبہ کا پارا دہائیوں کے بعد 32ڈگری تک پہنچ گیا ہے۔ بتا دیں کہ شدید گرمی کی وجہ سے ضلع پونچھ اور ضلع راجوری کے لوگ گرمی سے بچنے کے لیے منڈی تحصیل کا رخ کرتے تھے اور وہ اپنے اہل و عیال کے ساتھ یہاں آکر اپنا وقت بتاتے تھے مگر اس برس زیادہ گرمی پڑنے کے باعث لوگوں نے اپنے اپنے علاقوں میں ہی فی الحال رہنے کا من بنا لیا ہے ۔منڈی کے متعدد بزرگوں کا کہنا ہے کہ اس سے قبل منڈی تحصیل میں اس طرح کی گرمی کبھی نہیں پڑی۔ انہوں نے کہا کہ منڈی کے بیشتر لوگ آج بھی پنکھے کے بغیر زندگی گزاتے تھے مگر اس برس گزشتہ ایک ہفتے سے گرمی اتنی بڑ گئی ہے کہ لوگ پنکھا تو پنکھا ،اپنے گھروں میں اے سی لگوانے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ منڈی کو گرمیوں کے لئے مفید مقام سمجھا جاتا تھا ،ضلع اور بیرون ضلع سے لوگ اس موسم میں آتے تھے مگر اس برس شاید زیادہ گرمی ہونے کے باعث لوگوں کا آنا جانا بھی کم ہے۔ وہیں اگر منڈی قصبہ کی بات کی جائے تولوگ خرید و فروخت کے لیے صبح آٹھ بجے سے گیارہ بجے یا پھر پانچ بجے کے بعد ہی نکلنا پسند کرتے ہیں جس کی وجہ سے تاجروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ محمد اشرف نامی ایک ستر سالہ بزرگ کے مطابق انہوں نے اپنی عمر میں پہلی دفعہ پونچھ ضلع سمیت تحصیل منڈی میں اتنی گرمی پڑتے ہوئے دیکھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل انہوں نے ایسا نہیں ہوتےدیکھا ۔انہوں نے کہا کہ اگر کبھی گرمی زیادہ ہو جاتی تھی تو اللہ کی رحمت بارش کی صورت میں برستی تھی اور عوام کو رحت ملتی تھی۔انہوں نے کہا کہ گرمی کی وجہ سے عام کسان بھی پریشان ہیں ان کی زمینوں کے ساتھ ساتھ فصل بھی جل رہی ہے۔