منڈی محلہ بانڈیاں ایک ہفتے سے گھپ اندھیرے میں

 
منڈی//ضلع پونچھ کے علاقہ منڈی میں بجلی سپلائی کے ناقص نظام میں بہتری کے آثارنظرنہیں آرہے ہیں اوربجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات بڑھتی ہی جارہی ہیں ۔ تحصیل صدر مقام منڈی کے محلہ بانڈیاں کے لوگوں نے محکمہ بجلی پرالزام عائد کیاہے کہ محکمہ کی عدم توجہی کی وجہ سے محلہ بانڈیاں کے 70سے زائد کنبے گھپ اندھیرے میں زندگی بسرکرنے پرمجبورہیں۔ذرائع کے مطابق منڈی صدر مقام محلہ بانڈیاں کا بجلی ٹرانسفرمر گزشتہ ایک ہفتہ سے خراب ہے جس کی مرمت محکمہ بجلی نے لوگوں کی طرف سے باربارنوٹس میں لانے کے باوجود نہیں کی جس کی وجہ سے لوگ اندھیرے میں گزربسرکررہے ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق لوگوںنے ٹرانسفارمر کی مرمت کے لیے  متعدد بار محکمہ بجلی کے ملازمین سے گزارشات کیں مگران کی طرف محکمہ کے ملازمین نے کوئی توجہ نہیں دی۔اس سلسلے میں اکبر علی بانڈے نے کہا کہ محلہ میں 70کنبوں پر مشتمل گھروں کوکھانابنانے میں دشواریاں جھیلنی پڑرہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کچھ روز قبل محلہ میں درخت کاٹنے کا کام بھی لگایا گیا تھا جس میں سے ایک درخت بھی اس ٹرانسفارمرپر گرگیاتھا،جس کی اطلاع محکمہ کودی گئی تھی لیکن ابھی تک  محکمہ بجلی کے ملازمین  موقعہ کاجائزہ لینے نہیں پہنچے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کے جے ای سے متعلق محلے کے لوگوں نے متعدد دفعہ جا کر بھی کہا مگر انہوں نے ابھی تک اس معاملے میں کوئی بھی سنجیدگی نہیں دکھائی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں وہ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے بھی ملاقی ہوئے مگر اس کے باوجود بھی ٹرانسفارمر کی مرمت نہیں کی گئی ۔ان کا کہنا تھا کہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے بچوں کی پڑھائی بھی کافی حد تک متاثر ہو رہی ہے۔اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر محکمہ بجلی کے ایگزیکٹیوانجینئرمقبول نائک نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ ٹرانسفارمر مرمت کے لیے لے جایا گیا ہے اور دو دن کے اندر اسے نصب کر کے محلے میں بجلی سپلائی بحال کی جائے گی۔