منڈی سڑک حادثے میں 7باراتی زخمی | علاج معالجہ کیلئے پونچھ اور جموں میڈیکل کالج منتقل

عشرت حسین بٹ

منڈی//پونچھ کی تحصیل منڈی کے سرحدی علاقہ ساوجیاں میں ایک گاڑی سڑک حادثے کا شکار ہو گئی جس میں سوار سات براتی شدید طور پر زخمی ہو گئے ۔پولیس زرائع کے مطابق ایک بلیرو گاڑی زیر نمبر JK12-8618 اس وقت حادثے کی شکار ہو گئی جب وہ باراتیوں کو لے کر براڑی ساوجیاں سے پونچھ دیگوار کی طرف جارہی تھی کہ اچانک ساوجیاں نیابت کے قریب ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گئی جس کی وجہ سے سات براتی شدید طور پر زخمی ہو گئے جنہیں بعد ازاں مقامی لوگوں کی مدد سے سب ضلع ہسپتال منڈی لایا گیا جہاں تمام زخمیوں کا ابتدائی علاج کیا گیا۔اس کے بعد انہیں مزید علاج کے لئے راجہ سکھ دیو سنگھ ضلع ہسپتال پونچھ لے جایا گیا۔ میڈیکل سپرنا ٹینڈنٹ ضلع ہسپتال پونچھ ڈاکٹر ذولفقار احمد کے مطابق سات شدید زخمیوں میں سے تین کو میڈیکل کالج جموں ریفر کیا گیا جبکہ ایک زخمی کو سرینگر علاج کے لئے روانہ کیا گیا جبکہ تین زخمیوں کا علاج ضلع ہسپتال پونچھ میں چل رہا ہے۔ حادثے میں زخمی ہوئے مسافروں کی شناخت محمد لطیف ولد غلام محمد، محمد عظیم ولد محمد حسین ، محمد افضل ولد محمد دین ، محمد قیوم ولد محمد افضل ،محمد ایوب ولد منیر حسین ،گل خان ولد بشیر احمد کے طور پر ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں پولیس نے منڈی میں ایک ایف آئی آر زیر نمبر 106 زیر دفعات 279,337 درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔