عشرت حسین بٹ
منڈی//تعمیراتی ایجنسی پی ایم جی ایس وائی کی جانب سے ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی صدر مقام سے پلیرہ کی خستہ حال سڑک پر کھڈے بھرنے کا تعمیری کام شروع کیا گیا ہے۔ بتا دیں کہ منڈی پلیرہ لورن سڑک کی حالت گزشتہ ایک دہائی سے اتنی خستہ ہو گئی تھی کہ اس پر لوگوں کا پیدل سفر کرنا بھی محال تھا۔اب پی ایم جی ایس وائی کی جانب سے فی الحال اس سڑک پر پلیرہ مقام سے منڈی کی جانب کھڈے بھرنے کا کام شروع کیا گیا ہے۔ عوام نے انتظامیہ سے سوال کیا ہے کہ اس گیارہ کلو میٹر سڑک کی حالت گزشتہ دس برس سے اتنی خستہ ہے کہ گاڑیاں تو گاڑیاں اس سڑک سے عوام مشکل سے پیدل سفر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ منڈی تا لورن اس خستہ حال سڑک کو بہتر طریقے سے تعمیر کریں تاکہ عوام کو روزانہ اس سڑک پر سفر کرنے سے مشکلات کا سامنہ نہ کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے مانگ کی ہے کہ اس سڑک کی تعمیر کو کھڈے بھرنے کے بجائے بہتر طریقے سے کی جائے۔ عوام کا کہنا تھا کہ گزشتہ کافی عرصہ سے وہ اس معاملے میں سیاسی نمائندوں کے ذریعے اور اس خود بھی انتظامیہ کے نوٹس میں لا رہے ہیں مگر انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں ہر گز یہ منظور نہیں ہے کہ انتظامیہ اس سڑک پر محض کھڈے بھر کر چھوڑ دے۔ عوام نے کہا کہ اس سڑک کو منڈی بڈھا امرناتھ مندر سے لے کر لورن تک بہتر ڈھنگ سے تعمیر کیا جائے تاکہ عوام کے ساتھ ساتھ اس سڑک پر گاڑیاں چلانے والے لوگوں کی مشکلات کا بھی ازالہ ہو۔ لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ از خود اس سڑک کا معائنہ کر کے اس کی بہتر تعمیر کا منصوبہ تیار کریں۔