پونچھ// منڈی ساوجیاں سڑک کی حالت نہایت ہی خستہ ہے جس وجہ سے مقامی لوگوں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بارشوں کے دوران تمام پانی سڑکوں پر بنے کھڈے میں جمع ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے عام راہگیر کو کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا جب گاڑیوں کو بھی گزرنے کی دقتیں پیش آتی ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے اگر چہ کئی مرتبہ متعلقہ پی ایم جی ایس وائی محکمہ کے افسران اور ضلع و تحصیل انتظامیہ سے بھی اس سڑک کی حالت ابتر پر رحم کھا کر اسے مرمت کرنے کی استدعا کی تھی لیکن اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سڑک جو کہ انیس سو اکہتر میں تعمیر ہوئی تھی تب سے گریف محکمہ کے زیر نگرانی تھی لیکن کچھ عرصہ پہلے اسے پی ایم جی ایس وائی کے سپرد کیا گیا تو انہوں نے مرمتی کے نام پر اس سڑک کی خستہ حالت کر ڈالی۔انہوں نے مطلقہ ٹھیکیداروں پر ناقص میٹریل کا بھی الزام لگایا۔انہوں نے کہا سڑکوں میں نالیاں نہ ہونے کی وجہ سے بارشوں کا تمام پانی سڑکوں پر آ جاتا ہے جس وجہ سے یہ سڑک ندی نالے میں تبدیل ہو جاتی ہیں۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر اور ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے سڑک کی فوری طور پر مرمت کرانے کا مطالبہ کیا تاکہ وہاں کے لوگوں کو گوناگوں پریشانیوں سے نجات حاصل ہو۔