عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // سب ڈویژن تھنہ منڈی میں منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف جموں و کشمیر پولیس کا کریک ڈاون جاری ہے جس کے تحت گزشتہ روز ایک اور مجرم کو گرفتار کر لیا گیا جس کی شناخت طارق محمود ولد پرویز احمد سکنہ موضع ہسپلوٹ تحصیل تھنہ منڈی کے طور پر ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈویڑنل کمشنر جموں کے حکم کے حکم پر ضلع پولیس راجوری نے ایک بدنام منشیات فروش کو ’نشہ آور ادویات اور سائیکوٹرپک مادہ ایکٹ میں غیر قانونی تجارت کی روک تھام‘ کے تحت مقدمہ درج کر کے اسے حراست میں لے لیا ہے جو تھنہ منڈی میں پولیس کی جانب سے منشیات کے ناجائز استعمال اور منشیات کی تیاری کے خلاف جدوجہد کرنے کی کوششوں کا تسلسل ہے۔ ایس ایس پی راجوری محمد اسلم چوہدری کی ہدایت پر ایس ڈی پی او تھنہ منڈی ڈاکٹر امتیاز احمد چوہدری اور ایس ایچ او تھنہ منڈی شوکت چوہدری نے ایک ٹیم تشکیل دی جس نے مذکورہ شخص کو منشیات سمیت گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق اس مجرم کے خلاف متعدد مقدمات درج ہیں لیکن ہر بار یہ ضمانت پر رہا ہوتا رہا ہے اور پھر سماج دشمن سرگرمیوں میں مصروف رہتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ شخص ایک عادی مجرم ہے جو ماضی میں بھی منشیات فروشی میں ملوث رہا ہے یہ شخص امن عامہ کی بحالی کے لئے نقصان دہ ہے اور قصبہ تھنہ منڈی میں منشیات کی لعنت سے شہریوں خاص طور پر نوجوان نسل کے جان و مال کے تحفظ کو شدید خطرہ لاحق ہے۔ اس موقع پر ایس ایس پی راجوری محمد اسلم نے کہا کہ راجوری پولیس عوام کی خدمت کے لئے پرعزم ہے اور ان کی خواہشات کے مطابق تحفظ کے احساس کو یقینی بنا کر ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے کی ہر ممکن کوشش جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں مزید ایسے سماج دشمن عناصر کے خلاف قانونی شکنجہ کس کر انھیں پابند سلاسل کیا جائے گا۔