عازم جان+فیاض بخاری
بانڈی پورہ+بارہمولہ//منشیات مخالف مہم کے دوران شلوت سمبل میں 1.600کلو چرس پائوڈر جیسے ممنوعہ مادہ اور نقدی کے ساتھ تین افراد کو گرفتار کیا۔گرفتارکئے گئے افراد کی شناخت آصف احمد شیخ ساکن شلوت سمبل،پرویز احمد ڈار ساکن شیری بارہمولہ،تنویر احمد ڈار ساکن واگورہ پٹن کے بطور ہوئی ہے ۔گرفتار کئے گئے افرادکے خلاف سمبل تھانہ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت نوٹس لیا گیا۔ لوگوں نے پولیس کی اس کارروائی کو سراہا ہے ۔ادھر بارہمولہ میں بدنام زمانہ منشیات فروش برکت علی میاں عرف راجہ ساکن میاں محلہ پٹن کے خلاف مجاز اتھارٹی سے باضابطہ حراست کے احکامات حاصل کرنے کے بعد مقدمہ درج کیا گیا اور بعد میں اسے سنٹرل جیل کوٹ بلوال جموں منتقل کیاگیا ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ مذکورہ منشیات اسمگلر کے خلاف کئی مقدمات درج ہیں اور وہ پٹن اور ضلع بارہمولہ کے دیگر علاقوں کے مقامی نوجوانوں کو منشیات سپلائی کرکے منشیات کے دھندے کو فروغ دینے میں ملوث تھا۔دریں اثناء کولگام میں کیموہ تھانہ کی پولیس پارٹی نے کھڈونی بائی پاس کے قریب قائم ایک چوکی پر ایک شہری غلام حسن ڈار ساکن ترکہ ٹچلو کو گرفتار کیا۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے پالی تھین بیگ میں 9 کلو گرام پوست کا بھوسا اور کوڈین فاسفیٹ کی 11 بوتلیں برآمد ہوئیں۔