منشیات مخالف مہم

کپوارہ+بارہمولہ//منشیات مخالف مہم کو جاری رکھتے ہوئے کپوارہ پولیس نے 3افراد کوگرفتار کرلیا اور ان کے خلاف کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ۔پولیس کا کہنا ہے کہ کپوارہ تھانہ سے ایک ٹیم نے یہامہ علاقہ میں شاٹھ پورہ کے نزدیک ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر ناکہ لگایا جس کے دوران منشیات کے دھندے میں ملو ث تین سمگلرو ں کو دھر لیا گیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ ماجد رحمان خان ساکن گنڈ سنا ہلمت پورہ ،نثار احمد میر ساکن کانٹھ پورہ اور عطا محمد خان ساکن ہلمت پورہ کے بارے میں پولیس کو پہلے ہی یہ اطلاع تھی کہ یہ تینو ں افراد منشیات کے دھندے میں ملو ث ہیں جس کے بعد پولیس نے انہیں بدھ کے روز ایک کارروائی کے دوران گرفتار کیا اور دوران تلاشی ان کی تحویل سے برائون شوگر ضبط ہوا ۔پولیس نے معاملہ کی نسبت کپوارہ تھانہ میں ایک کیس درج کرلیا۔ ایس ایس پی کپوارہ یوگل منہاس نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں پر نظر گزر رکھیں ۔ادھرپولیس پوسٹ ناربل کی ایک پارٹی نے چیک کائوسہ کے مقام پر قائم ایک چوکی پر ایک مشکوک شخص کو روکا جس کی شناخت مدثر احمد موہند ساکنہ چیک کائوسہ کے نام سے ہوئی۔ دوران چیکنگ اہلکاروں نے اس کے قبضے سے کوڈین فاسفیٹ کی 33 بوتلیں اور ممنوعہ ادویات کی 390 گولیاں برآمد کر لیں۔ اسے گرفتار کر کے تھانہ منتقل کر دیا گیا۔پولیس نے ایف آئی آر نمبر 17/2022 کے تحت ماگام تھانہ میں مقدمہ درج کیا اورمزید تحقیقات شروع کی۔بارہمولہ میں ایس ڈی پی او پٹن محمد نوازکی نگرانی میں پٹن تھانہ کے اہلکاروں نے ایک شخص کو گرفتار کیا جس کی شناخت ریاض احمد گوجری  ساکن پٹن کے طور پر کی گئی ہے اور اس کے پاس سے کوڈین فاسفیٹ کی 15 بوتلیں اور ممنوعہ ادویات کے 144 کیپسول برآمد ہوئے ہیں۔ اس مناسبت سے متعلقہ تھانوں میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی۔ یاری پورہ تھانہ کے افسران نے ڈی وائی ایس پی ہاٹی پورہ تھانہ کی نگرانی میں سنمان پل پر قائم ایک چوکی پر ایک گاڑی (سینٹرو) زیر نمبرJK03C-6043کو روکا جس میں 3 افراد سوار تھے جن کی شناخت شیراز احمد لون ساکن تنگدونو، کمل جیت سنگھ ساکنہ نوشہرہ پنجاب اور چرنجیت سنگھ ساکنہ ہشیار پور پنجاب کے طور پر ہوئی۔ تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے 16 کلو پوست کا بھوسا اور ایک چکی برآمد کرنے میں کامیاب ہوئے۔ انہیں گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا گیا ۔ واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی ۔