پرویز خان
منجا کو ٹ //راجوری ضلع کی سرحدی تحصیل منجا کوٹ میں محکمہ سیاحت کی جانب سے تعمیر کی گئی عمارتیں گزشتہ کئی برسوں سے انتہائی خستہ پڑی ہوئی ہیں لیکن محکمہ نے ان کی مرمت کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا ۔مکینوں نے شعبہ سیاحت کے آفیسران و اعلیٰ قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ لاکھوں روپے خرچ کرنے کے بعد عمارتیں تعمیر کروائی گئی تھی لیکن ان کو قابل استعمال رکھنے کیلئے کوئی عملی قدم ہی نہیں اٹھایا گیا اور مذکورہ عمارتیں بند رکھی گئی ہیں جس کی وجہ سے اب ان کی حالت انتہائی غیر معیاری بن چکی ہے ۔مقامی معززین نے محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سرحدی تحصیل میں کئی ایسے مقامات موجود ہیں جن کو سیاحتی نقشے پر لایا جاسکتا ہے لیکن محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے سیاحتی مقامات کی تعمیر وترقی تو دور کی بات شعبہ کی جانب سے تعمیر کردہ عمارتیں ہی نا قابل استعمال ہو گئی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ متعلقہ محکمہ اور راجوری ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے سیاحتی مقامات کیساتھ ساتھ شعبہ کی عمارتوں کی مرمت کیلئے انتہائی غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ان تعمیر کردہ عمارتوں کی جہاں دیواریں گرنے کی دہلیز پر پہنچ چکی ہیں وہائیں کھڑکیاں اور دروزے بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اگر متعلقہ محکمہ ان عمارتوں کی مرمت کیساتھ ساتھ سیاحت شعبہ کو ترقی دے تو سرحدی تحصیل کے بے روز گار نوجوانوں کو بھی روز گار مل سکتا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سرحدی تحصیل میں شعبہ کی خستہ حال عمارتوں کی جلدازجلد مرمت کروائی جائے ۔