منجاکوٹ//تحصیل منجاکوٹ میں محکمہ بجلی کی طرف سے برتی جارہی لاپرواہی کا اندازہ اس بات سے لگایاجاسکتاہے کہ ترسیلی لائنیں کئی مقامات پر زمین کو چھورہی ہیں جس سے کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ رونماہوسکتاہے ۔ منجاکوٹ میں بیشتر جگہوں پر ترسیلی لائنیں لٹک کر زمین کے ساتھ لگ رہی ہیں جو انسانی جانوں کیلئے بہت بڑا خطرہ ہے اور اس سے کوئی بڑ احادثہ رونماہوسکتاہے تاہم متعلقہ حکام کوکوئی پرواہ نہیں باوجود اس کے کہ اس سے قبل کئی لوگ اسی وجہ سے لقمہ اجل یا زخمی ہوچکے ہیں ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ کئی جگہوں پر ترسیلی لائنیں مکانات سے ٹکرارہی ہیں اور کئی جگہوں پر ان کی اونچائی صرف اتنی ہے کہ ایک انسان کھڑا ہوتو انہیں آسانی سے چھوسکتاہے ۔انہوں نے کہاکہ بارہا محکمہ کے افسران کو اس خطرے سے آگاہ کیاگیاتاہم ابھی تک سنجیدگی دیکھنے کو نہیں ملی اور شائد مزید کسی حادثے کے رونما ہونے کا انتظار کیاجارہاہے ۔