عارف بلوچ
اننت ناگ //منشیات مخالف مہم کے دوران بجبہاڑہ پولیس نے بین ریاستی سمگلروں کے ایک گروہ کے بے نقاب کرتے ہوئے تین 3 افراد کی گرفتاری عمل میں لائی ہے۔ پولیس نے کہا ’’دہلی سے سرینگر پہنچائی جانے والی ممنوعہ ادویات کی ایک کھیپ کے بارے میںمصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے شاہراہ پرکئی مقامات پر ناکہ لگائے‘‘۔پولیس نے دونی پورہ بجبہاڑہ میں چیکنگ کے دوران ایک گاڑی (ٹیوٹا کار) کو روکا جس میں 3 افرادمونٹی سنگھ ساکن بلند شہر یوپی، آشیش بھاردواج اور راہل ساکنان چھتر پور سوار تھے۔ گاڑی کی تلاشی کے دوران پولیس نے کوڈین فاسفیٹ (NRX) کی 413 بوتلیں برآمد کی گئیں، جنہیں Codril-T کا نام دیا گیا تھااور کار کے دروازے کے پینل میں چھپایا گیا تھا۔ تینوں ملزمین کو گرفتار کرکے پولیس تھانہ بجبہاڑہ منتقل کردیا گیا ۔ دوران تفتیش سے یہ بات سامنے آئی کہ ممنوعہ دوائی کی اس کھیپ کومبینہ طور پر سوپور اور سرینگر میں پہنچانا تھا۔پولیس نے مزید سرعت لاتے ہوئے متعدد چھاپے مارے جس کے نتیجے میں سوپور سے ایک مقامی اسمگلر کو پوچھ گچھ کیلئے حراست میں لیا گیا۔ نئی دہلی میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے تعاون سے نوئیڈا کے سیکٹر 135 میں ایک گودام پر چھاپہ مارا گیا، جہاں سے کافی مقدار میں کوڈین کو برآمد کیا گیا۔ اس گروہ کے پس پردہ اہم افراد کی شناخت سچن رانا اور ارون رانا کے طور پر ہوئی ہے جو فرید آباد کے رہنے والے ہیں اور ان کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔