اگرتلہ // وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو ملک کے ہر حصے میں متوازن ترقی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت تریپورہ کو شمال مشرق کا گیٹ وے کے طورپر دیکھ رہی ہے اور اس میں ریل، سڑک اور ہوائی اڈے جیسے پروجیکٹوں کا کام کاج تیزی سے چل رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان پروجیکٹوں سے دیگر شمال مشرقی ریاستوں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔مودی نے یہاں ہاپتا کانگجیبنگ میں 4800 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت والی 22 ترقیاتی پروجیکٹوں کا رسمی افتتاح اور سنگ بنیاد ررکھا۔وزیر اعظم نے اگرتلہ میں نئے تعمیر شدہ مہاراجہ بیر بکرم ہوائی اڈے کا افتتاح کرنے اور ریاست میں تعلیم اور دیہی ترقی کے مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے بعد ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ‘‘21ویں صدی کا ہندوستان سب کو ساتھ لے کر، سب کی ترقی اور سب کی کوشش سے آگے بڑھے گا۔ ’’‘‘کچھ ریاستیں پیچھے رہ جاتی ہیں، کچھ ریاستیں بنیادی سہولیات کے لیے ترستی رہتی ہیں، یہ غیر متوازن ترقی اچھی نہیں ہے ۔تریپورہ کے لوگوں نے یہاں یہی دیکھا ہے ۔ ’ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی حکومت اور مرکزی حکومت کے درمیان مکمل تال میل سے جاری ترقیاتی کاموں کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ڈبل انجن والی حکومت ہو تو کام میں تیزی آتی ہے ۔مودی نے کہا، ‘‘ڈبل انجن کی سرکار یعنی خوشحالی کی طرف متحد کوشش۔ ڈبل انجن کی حکومت کا مطلب ہے حساسیت۔ ڈبل انجن والی حکومت کا مطلب عوامی طاقت کا فروغ، ڈبل انجن والی حکومت کا مطلب خدمت ہے ۔ ڈبل انجن کی سرکار یعنی قراردادوں کی تکمیل۔’’ریاست کو ملنے والی اسکیموں پر وزیر اعظم نے کہا کہ تریپورہ کو سال کے آغاز میں تین تحفے مل رہے ہیں۔ یہ تحفہ کنیکٹیویٹی، مشن 100 ودیا جوتی اسکولوں اور گرام سمردھی یوجنا کا تحفہ ہے ۔انہوں کہا،‘‘ پچھلی حکومت نے منی پور کو اپنے حال پر چھوڑ دیا تھا۔تب دہلی میں بیٹھے لوگ سوچتے تھے کہ اتنی دور تک کون جائے گا۔ میں وزیراعظم بننے کے بعد دہلی کو آپ کے دروازے تک لے آیا۔’’انہوں نے مرکز کی سابقہ یوپی اے حکومت پر الزام لگایا کہ وہ صرف انتخابات کے دوران ،شمال مشرقی خطے کو یاد کرتی رہی۔