یواین آئی
نئی دہلی//ملک بھر کے ممتاز ادارے ، مذہبی تنظیمیں، مسلح افواج کے اہلکار، اسکول کے بچوں سے لے کر کالج کے طالب علموں اور کئی مشہور شخصیات اتوار کو سوچھتا دیوس پر سوچھتا پکھواڑا کے حصے کے طور پر عوام کی رہنمائی کریں گی۔اس موقع پر 12 ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ، نو گورنر اور لیفٹیننٹ گورنر صفائی مہم کا حصہ ہوں گے ۔شہروں میں ایک میگا صفائی مہم چلائی جائے گی جس کے تحت مختلف تاریخی عجائب گھروں، یادگاروں اور قلعوں کی صفائی کی جائے گی۔ مسلح افواج کے اہلکار بھی صفائی مشن کی نمائندگی کریں گے ، جس میں سینٹرل پولیس فورسز اور آسام رائفلز کے اہلکار بھی شامل ہوں گے ۔ اسکان مندر ایسوسی ایشن مندر کی صفائی کی ذمہ داری اٹھائے گی اور صفائی مہم کے لیے مذہبی مقامات کے آس پاس کے علاقوں کو اپنا رہی ہے ۔ رام کرشن مٹھ نے شرمدان کے لیے بہت سے علاقوں کو اپنایا ہے ۔کوہ پیما پردیپ سنگوان کی ہیلنگ ہمالیہ تنظیم اتراکھنڈ میں ہمالیائی راستے کی صفائی کے لیے آگے آئی ہے ۔ ماتا امرتانند کی امّا فاؤنڈیشن اسکولوں اور کالجوں میں صفائی مہم کے ایک حصے کے طور پر ملک بھر میں صفائی کے لیے شرمدان کا آغاز کرے گی۔ کھیل اور فنون کے شعبے سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات اپنے اپنے شہروں میں صفائی مہم کی نمائندگی کریں گی، جس میں اولمپیئن پی وی سندھو، وشاکھاپٹنم میں کرنم مالیشوری اور پدم شری سدرشن پٹنائک وغیرہ شامل ہوں گے ۔ دیگر نامور تنظیمیں جیسے کریڈائی، سی آئی آئی، فکی اور مختلف این جی اوز جیسے سری ستھیا سائی لوک سیوا، لائنز کلب، روٹری کلب، یونیسیف، آغا خان فاؤنڈیشن، رام کرشنا مشن وغیرہ بھی اس صفائی مشن میں شامل ہوں گے ۔