ملبہ سے بھری ڈرین،گندہ پانی گلی کوچوں میں

 سرینگر//شیخ دائوود کالونی بٹہ مالومیں ڈرین کی صفائی نہ ہونے سے گندہ پانی گلی کوچوںمیں چلا جاتا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کا عبور و مرور مشکل بن گیا ہے ۔کالونی کے عوامی وفد نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا کہ  شیخ دائوود کالونی بٹہ مالو میںڈرین کی وقت وقت پر صفائی نہیں ہورہی ہے جس کی وجہ سے گرمی کے موسم میں یہاں بدبو پھیل جاتی ہے اور بارشوںاور برفباری کے بعد ڈرین میں پانی جمع ہوجاتا ہے اور بعد میں گلی کوچوں میں جمع ہوجاتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کالونی میںگلی نمبر 1سے گلی نمبر17تک ڈرین کی کئی مہینوں سے صفا ئی نہیں کی گئی ہے جس کی وجہ سے اس میں کافی ملبہ جمع ہوگیا ہے اور پانی کا بہائو رک گیا ہے ۔رمیز احمد نامی شہر ی نے بتایا کہ ڈرین کی کئی مہینوں سے صفائی نہیں کئی گئی ہے اور ملبہ جمع ہونے سے یہ ڈرین پوری طرح بلاک ہوچکی ہے اورپانی نزدیکی رہاشی مکانوں کے صحنوں میں چلا جاتا ہے۔منظور احمد نامی ایک اور شہری نے بتایا کہ لین میں5میں اگرچہ کئی سال قبل ڈرین کی تعمیر شروع ہوئی تاہم اس کو بھی ادھورا چھوڑ دیا گیا جس کی وجہ سے مکینوں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔مقامی لوگوں نے سرینگر میونسپل کارپوریشن کے میئر اور میونسپل کمشنراور ڈپٹی کمشنر سرینگرسے مطالبہ کیا ہے کہ ڈرین کی صفائی فوری طور کی جائے تاکہ لوگوں کا عبور و مرور مشکل نہ بن جائے ۔