سرینگر// سابقہ وزیر اورپیپلز ڈیموکرٹیک فرنٹ کے چیرمین حکیم محمد یاسین نے گورنر ستیہ پال ملک سے پر زور مانگ کی ہے کہ وہ لمبے عرصے سے دھرنے پر بیٹھے محکمہ جنگلات،نیشنل ہیلتھ مشن، آنگن واڑی ورکرس اور ایس ایس اے اساتذہ کے تمام جائز مطالبات کو پورا کریں کیونکہ اُن کی سڑائیک کی وجہ سے مذکورہ محکمہ جات میں کام کا ج بری طرح سے متاثر ہورہاہے۔ایک بیان میں حکیم یاسین نے کہا ہے کہ محکمہ جنگلات ،نیشنل ہیلتھ مشن اور آنگن واڑی ورکروں کو سابقہ حکومتوں نے اُنکے مطالبات منوانے کے جھوٹے وعدے دیکر ہمیشہ ہی دھوکہ دیا ہے اور اُن کا سیاسی استحصال کرکے اُن کے ساتھ وعدہ خلافیاں کی ہیں۔حکیم یاسین نے کہا ہے کہ گورنر انتظامیہ چونکہ ایک غیر سیاسی نظام حکومت ہے اس لئے گورنر کو مذکورہ محکمہ جات کے ملازمین کے تمام جائز مطالبات کو فوری طور منظور کرنے چاہئے۔اُنہوں نے کہا کہ جہاں محکمہ جنگلات کے ملازمین کی تنخواہوں میں تفاوت کو فوری طور دور کیا جانا چاہئے وہاں نیشنل ہیلتھ مشن کے ملازمین کی خدمات کو مستقل کرنے کیلئے ایک جا مع پالیسی ترتیب دینے کی ضرورت ہے تاکہ اُن ملازمین کے مستقبل کواقتصادی،سیاسی اور جاب سکیورٹی مل سکے۔اُنہوں نے کہا کہ NHM،کے ملازمین گذشتہ 10برسوں سے Contractualبنیادوں پر ہی کام کررہے ہیں اور اُن کا مستقبل مخددش بن کے رہ گیا ہے ۔اُنہوںنے کہا ہے کہ NHMکی وجہ سے ریاست کے محکمہ عامہ کے کام کاج میں نمایاں بہتری دیکھنی کو ملی ہے جس کو قومی سطح پر بھی سراہا گیا ہے۔
ملازمین کی ہڑتال سے کام کاج متاثر
