ملازمین، پنشنروں اور صحافیوں کیلئے گرؤپ میڈی کلیم ہیلتھ انشورنس سکیم جاری

سرینگر//گورنر انتظامیہ نے ریاست میں رسمی طور پر ملازمین، پنشنروں اور ایکریڈیٹیڈ صحافیوں کے حق میں گرؤپ میڈیکلیم ہیلتھ انشورنس سکیم جاری کی۔پرنسپل سیکرٹری خزانہ نوین کمار چودھری نے کہا کہ یہ سکیم سرکاری ملازمین جن میں پی ایس یوز کے ملازم ، خود مختار اداروں اور یونیورسٹیوں کے ملازمین شامل ہیں، کے لئے لازمی ہوگی جبکہ پنشنروں، اے آئی ایس افسروں، ایڈہاک، کنٹریکچول، ڈی آر ڈبلیوز، ورک چارج/ کنٹین جینٹ پیڈ ورکرس اور ایکریڈیٹیڈ صحافیوں کے لئے آپشنل ہوگی۔سکیم یکم اکتوبر2018 سے ایک سال کی مدت کے لئے نافذ العمل ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ جو پنشنر اس سکیم کے دائرے میں آنے کے خواہشمند ہوں، کو چاہئے کہ وہ متعلقہ ٹریجری افسر / جے اینڈ کے بنک شاخ کے سربراہ کو پنشن میں سے پریمیم کی کٹوتی کے لئے درخواست پیش کریں۔ نوین چودھری نے کہا کہ 6لاکھ روپے کے انشورنس کور کے لئے سالانہ پریمیم 8777 روپے ہوگا اور اس  رقم کی یکم اکتوبر ، 15؍ جنوری ، 15؍ اپریل کو 1295 روپے کے چار کوارٹرلی قسطوں کے ذریعے کٹوتی کی جائے گی جبکہ ہر سال یکم جولائی کو1292 روپے کی آخری قسط کی کٹوتی ہوگی۔انہوں نے کہاکہ شوہر اور بیوی یا کسی اور کنبے کے ممبر / سرکاری ملازم یا پنشنر کی صورت میں پریمیم کی رقم کنبے میں سے کوئی ایک شخص ادا کرے گا۔نوین چودھری نے مزید کہا کہ پنشنروں کے لئے سالانہ پریمیم 18629 روپے مقررکیا گیا ہے جو یکم اکتوبر، یکم جنوری ، یکم اپریل کو 4657 روپے کے کوارٹرلی اقساط کے ذریعے کٹوتی ہوگی جبکہ ہر سال یکم جولائی کو 4658 روپے کی  آخری قسط کی کٹوتی عمل میں لائی جائے گی۔