پونچھ//اگرچہ موسم سرما سے عین قبل تاریخی مغل شاہراہ پر کو عام عوام کیلئے کھول دیاگیاہے لیکن ایسی شرط رکھی گئی ہے جسے پورا کرنے کیلئے پہلے جموں کا سفر کرناپڑے گا۔حکام کے مطابق اس شاہراہ پر وہی شخص سفر کر سکتا ہے جس کے پاس صوبائی کمشنر کا اجازت نامہ ہوگا ۔اس روڈ کو اس برس موسم گرما شروع ہونے پر نہیں کھولاگیا اور بظاہر اس کی وجہ کورونا وائرس کا پھیلائو بتائی گئی لیکن ضلع پونچھ میں اس کے باوجود کورونا وائرس تیزی سے پھیلا اور روڈ کو ایسے عالم میں کھولنے کا اعلان کیاگیاجب ضلع میں یومیہ کورونا معاملات 100سے بھی پار ہوگئے۔حکام کی جانب سے اس شاہراہ پر سفر کرنے والے لوگوں کو کچھ شرائط کے ساتھ سفری اجازت دی جارہی ہے اوران میں سے انہیں صوبائی کمشنر جموں سے اجازت نامہ بھی لیناہوگاجبکہ کورونا ٹیسٹ بھی لازمی قرار دیاگیاہے ۔تاہم عام لوگوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ان لوازمات سے بہتر ہے کہ وہ جموںسرینگرشاہراہ سے ہی وادی کا سفر انجام دیں کیونکہ صوبائی کمشنر جموںسے سفری اجازت نامہ حاصل کرنے کیلئے انہیں پہلے جموں جاناپڑے گااوروہ پھر واپس پونچھ آئیں گے اوریہاں سے سرینگر جائیں گے جو غیر منطقی اور بلاجواز عمل ہے۔مغل شاہراہ پر سفر کرنے والوں میں کچھ ایسے لوگ بھی ہیں جنہیں طبی معائنہ کیلئے ہر ماہ وادی کا رخ کرنا پڑتا ہے اوران میں بعض کینسر جیسی بیماری میں مبتلا ہیں ۔ ساوجیاں منڈی کے محمد الیاس نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد کینسر کے مریض ہیں جن کا علاج وادی کے صورہ ہسپتال میں چل رہاہے اور انہیں ہر ماہ اپنے والد کی طبی جانچ کروانے کے لئے جانا پڑتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مغل شاہراہ سے سفر کرنا ان کیلئے آسان ہے مگر انتظامیہ نے اسے بہت ہی پیچیدہ بنادیاہے کیونکہ اسی کو سفر کی اجازت دی جارہی ہے جس کے پاس صوبائی کمشنر کا اجازت نامہ ہوگاجس کیلئے لازمی ہے کہ انہیں پہلے جموں کا سفر کرناپڑے گااور وہاں سے اجازت لیکر وہ مغل شاہراہ سے سفر کرسکیں گے،لہٰذا ایسے حالات میں سیدھے جموں سے ہی سرینگر کا سفر اختیار کرنا زیادہ بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی اس شرط کی وجہ سے ان جیسے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کوچاہیے کہ وہ لوگوں کو ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کے اجازت نامہ پر سفر کی اجازت دے ۔رابطہ کرنے پر ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ راہل یادو نے کہا کہ مغل شاہراہ سے سفر کرنے والوں کے پاس صوبائی کمشنر کا اجازت نامہ ہونا لازمی ہے اور اس کے بناکسی کو سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔