مغل روڈ پر سہولیات کی دستیابی | یقینی بنانے کی صوبائی کمشنر کی ہدایت

سرینگر//مسافروں کو بلا خلل سفر کو یقینی بنانے کیلئے صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے تاریخی مغل روڈ پر بہتر سہولیات دستیاب رکھنے کی ہدایت دی۔صوبائی کمشنر نے ان باتو ں کااظہار ایک میٹنگ کے دوران کیا جس میں اس اہم شاہراہ سے جُڑے مختلف معاملات کا جائزہ لیا گیا۔صوبائی کمشنر نے چیف انجینئر مغل روڈ کو 21کلو میٹر شاہراہ کی فوری مرمت کا کام شروع کرنے کی ہدایت دی تاکہ مال بردارٹرکوں کو سفر کے دوران دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔مغل روڈ پر ماحول دوست صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے صوبائی کمشنر نے متعلقہ آفیسران کو شاہراہ پر ایسی سہولیات دستیاب رکھنے کی ہدایات دیںجن سے ماحولیات کو کسی قسم کا زک نہ پہنچے۔انہوںنے دبجن زنزر اورپیر کی گلی میں سیاحوں کیلئے بہتر سہولیات دستیاب رکھنے پر زوردیا دیا۔اس دوران صوبائی کمشنر نے ہر پورہ شوپیان میں قائم کئے گئے سیاحتی مرکز کا باقی ماندہ کام مکمل کرنے کی ہدایت دی۔انہوںنے میکنیکل انجینئرینگ ڈیپارٹمنٹ کو مغل شاہراہ پر برف ہٹانے کے لئے یہاں سب ڈویژن کا قیام عمل میں لانے کے احکامات بھی ہدایت دی تاکہ لوگو ں کو اس شاہراہ پر سفر کے دوران مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔