راجوری//جموں و کشمیر کے مکینیکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے ذریعہ مغل روڈ پر برف باری ہٹانے کا کام پوری رفتار سے جاری ہے اور حکام کی جانب سے بدھ تک سڑک کی بحالی کی توقع کی جارہی ہے۔پیر گلی پہاڑی راستے کے ذریعہ پونچھ کے بفلیاز علاقے کو شوپیان کے ہیر پورہ سے ملانے والی مغل روڈ پیر کو شدید برف باری کے بعد بند ہوگئی جس کے بعد ہر طرح کی گاڑیاں نقل و حرکت معطل ہوکر رہ گئی ۔ اسسٹنٹ انجینئرطارق محمود نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا کہ برف کاٹنے والی مشینیں بفلیاز سے 42 کلو میٹر کے فاصلے پرپہنچ گئی ہیں اور اب صرف 2 کلو میٹر کا رقبہ باقی ہے۔انہوںنے بتایا’’2 کلومیٹر حصہ صاف کرنے کے بعد ہم پیر گلی پہنچیں گے اور امید کرتے ہیں کہ اگلے دو دن تک اس باقی حصے کو صاف کردیں گے اور بدھ تک ٹریفک کے لئے سڑک کو کھول دیاجائے گا‘‘۔