شاہد ٹاک + عشرت بٹ
شوپیان+پونچھ // شوپیاں اور پونچھ راجوری اضلاع کو جوڑنے والا مغل روڈ آج یعنی بدھ 27اپریل سے باقاعدہ ٹریفک کیلئے کھل جائیگا۔ حکام نے منگل کو کہا کہ بدھ کو شاہراہ ٹریفک کیلئے کھول دی جا رہی ہے۔مغل روڈ پر برف ہٹانے کا کام تقریباً دو ہفتے قبل مکمل ہو چکا تھا لیکن ابھی تک اس پر گاڑیوں کی آمدورفت کی اجازت نہیں تھی۔ خانہ بدوش سڑک کو دوبارہ کھولنے کے لیے دباؤ ڈال رہے تھے اور حال ہی میں مطالبے کی حمایت میں انہوں نے احتجاج بھی کیا ۔ڈویژنل کمشنر جموں نے ہدایات دیں کہ اس سڑک پر HMVs/LMVs کی ہموار نقل و حرکت اور ریگولیشن کے لیے وقتاً فوقتاً ٹریفک پولیس حکام کی طرف سے جاری کردہ ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کریں۔ادھر مغل روڑ ڈویژن حکام کا کہنا ہے کہ روڑ کی حالت دیکھنے کیلئے منگل کو شوپیان اور پونچھ کے ضلع ترقیاتی کمشنروں نے از خود اسکا جائزہ لیا اور روڑ کی حالت دیکھ کر ہی فیصلہ کیا گیا۔دونوں اضلاع کے حکام نے ہیر پورہ شوپیان سے پیر کی گلی اور پوشانہ ، بہرام گلی سے پیر کی گلی تک شاہراہ کو آمد و رفت کیلئے دوبارہ کھولنے کی صورتحال دیکھکر فیصلہ کیا۔ مغل روڑ کھلا تھا لیکن اس پر محدود آمد و رفت کی اجازت دی جارہی تھی ۔ لیکن اب سرکاری طور پر روڑ کو کھولا جارہا ہے۔