عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// گلمرگ سمیت وادی کشمیر کے کئی بالائی علاقوں میں اتوار کے روز تازہ برف باری ہوئی۔ حکام نے بتایا کہ تازہ برف باری نے جنوبی کشمیر کے شوپیان ضلع کو جموں ڈویژن کے جڑواں اضلاع راجوری اور پونچھ سے جوڑنے والی تاریخی مغل شاہراہ اور کشتواڑ سنتھن روڈ بند کردی ہے۔ گلمرگ میں اتوار کو تازہ برف باری دیکھنے کے بعد سیاح بہت خوش تھے۔یہاںبابا ریشی اور ٹنگمرگ میں ہلکی برفباری ہوئی تاہم افروٹ پہاڑی سلسلے پر 5 انچ جبکہ گلمرگ خاص میں3 انچ تازہ برفباری ریکاڈ کی گئی۔گلمرگ میں تازہ برفباری کے بعد سڑک پر پھسلن پیدا ہوئی ہے جس کی وجہ سے گاڑیوں کو چلنے پھرنے میں زبردست مشکلات پیش آئیں۔ کپواڑہ ضلع کے مژھل اور بنگس وادی اور بانڈی پورہ ضلع کے بالائی علاقوں سے بھی برف باری کی اطلاعات ہیں۔پیر کی گلی میں 6انچ، سنتھن ٹاپ پر 5سے 6انچ،دودھ پتھری میں 4-5انچ، بال تل 5انچ ریکارڈ کی گئی۔ جموں و کشمیر میں پیر پنچال رینج کے پہاڑی درے کے کچھ اونچے علاقوں میں بھی تازہ برف باری ہوئی۔اونچائی پر برف باری کے ساتھ ہی وادی کشمیر میں سردی کی لہر مزید شدت اختیار کر گئی ہے جب کہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہنے کے باوجود گزشتہ رات کے درجہ حرارت میں بہتری آئی ۔سرینگر میں موسمیاتی مرکز نے پیش گوئی کی ہے کہ موسم عام طور پر ابر آلود رہے گا اور جموں ڈویژن کے میدانی اور پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے اور 8 دسمبر سے9 دسمبر کی دوپہر تک وادی کشمیر کے بعض مقامات پر ہلکی بارش اور برف باری کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتوار کی شام تک وادی کشمیر کے چند اونچے علاقوں میں ہلکی برفباری ہوئی جبکہ جموں خطہ کے چند مقامات پر بھی ہلکی بارش کا امکان تھا۔انہوں نے کہا کہ9 دسمبر کی صبح تک جنوبی کشمیر کے حصوں میں زیادہ سے زیادہ امکانات کے ساتھ اور اس کے بعد موسم جزوی طور پر ابر آلود اور دوپہر تک دھوپ رہنے کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈوڈہ، کشتواڑ، کٹھوعہ اور رام بن اضلاع کے کچھ حصوں میں بھی ہلکی بارش/برفباری کی توقع ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں خطہ کے دیگر اضلاع میں ہلکی بارش کا امکان رد نہیں کیا جا سکتا۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ10 دسمبر کو موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔11 دسمبر کو وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع اور شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع کے اونچے علاقوں میں ہلکی برف باری کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔ایک اور کمزور مغربی ڈسٹربنس جو ممکنہ طور پر 12 دسمبر کو ٹکرائے گا، وادی کشمیر کے کچھ علاقوں میں ہلکی بارش/برفباری کا سبب بن سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ 17 دسمبر تک موسم زیادہ تر خشک رہے گا۔ادھر گلمرگ میں رات کے درجہ حرارت میں بہتری آئی لیکن اتوار کو پارہ منفی3.4 ڈگری کے ساتھ سب سے سرد مقام رہا۔ سرینگر کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ تھا ۔پہلگام میں اتوار کو پارہ منفی 2.8 ڈگری سینٹی گریڈ پر رہا ۔قاضی گنڈ میں ایک دن پہلے منفی 2.4 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 1.0 ، کوکرناگ میں پچھلی رات منفی 2.2 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 0.4 اورکپواڑہ میں رات کے درجہ حرارت میں نمایاں طور پر بہتری آئی اور اتوار کو 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔