نیوز ڈیسک
معمول کی زچگی کوترجیح دی جائے
پیٹ چاک کرکے بچہ نکالنے کے عمل میں پھیلائو،نوین چودھری نے نوٹس لیا
سری نگر//پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم نوین کمار چودھری نے سیزیرین ڈیلیوری(پیٹ چاک کرکے بچہ نکالنے)کے پھیلائو کانوٹس لیاہے اور معمول کی زچگی کوترجیح دینے پرزوردیتے ہوئے نیشنل ہیلتھ مشن ( این ایچ ایم ) کے تحت مختلف اجزأ کے لئے مختص فنڈس کے مکمل اِستعمال کی تاکیدکی ہے۔پرنسپل سیکرٹری یہاں منعقدہ میٹنگ میں این ایچ ایم کی کارکردگی کا جائزہ لے رہے تھے۔پرنسپل سیکرٹری این ایچ ایم کے اَفسران پر زور دیا کہ وہ مشن کے تحت مختص تمام فنڈس کے اِستعمال کے لئے ایک مضبوط ایکشن پلان بنائیں ۔اُنہوں نے ان سے کہا کہ ہر سہ ماہی میں کم از کم 25فیصد فنڈس خرچ کریں جو کہ تیسری سہ ماہی کے اِختتام تک زائد اَز 75 فیصد کے ہدف تک پہنچ جائیں۔اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ مرکزی حکومت کی طرف ادائیگیوں کی بروقت اجرأ کے لئے ہرماہ کے آخیر میں خرچ شدہ فنڈس کے یوٹیلائزیشن سر ٹیفکیٹ جمع کریں ۔اُنہوں نے اَفسران سے کہاکہ وہ اخراجات کے لئے اَپنی استعداد کار میں اِضافہ کریں۔اُنہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اَپنے اخراجات کی ہفتہ وار رِپورٹ پیش کریں اور اِس کا جائزہ لینے کے لئے ماہانہ میٹنگ منعقد کریں۔نوین کمار چودھری نے دونوں ڈائریکٹروں پر زور دیا کہ وہ ڈاکٹروں کو اِنتظامی کام کرنے سے بچاکراَفرادی قوت کا مؤثر استعمال کریں ۔ اُنہوں نے اَفسران سے کہا کہ وہ جموںوکشمیر یوٹی کے دُور دراز علاقوں میں صحت خدمات کو بہتر بنائیں ۔اُنہوں نے جموںوکشمیر یوٹی کے قبائلی علاقوں میں جلد ہی میگا ہیلتھ کیمپس منعقد کرنے کی بھی ہدایت دی جس میں موتیابند ہٹانے وغیرہ جیسی چھوٹی سرجریوں کی فراہمی ہے۔پرنسپل سیکرٹری نے ڈائریکٹران مزید زور دیا کہ وہ 10 برس سے کم عمر کے ہر بچے کے لئے ایک صحت کارڈتیار کی جانی چاہیے جو ان کی طبی تاریخ کے ساتھ ساتھ ان کی صحت کے اہم پیرا میٹروں کی عکاسی کرتی ہے ۔ اُنہوں نے ان سے کہا کہ اسے کہیں بھی فوری حوالہ کے لئے ڈیجیٹائز کیا جانا چاہیے۔اُنہوں نے انہیں تمام نئے جنموں کے لئے یہ کارڈ تیار کر کے عمل شروع کرنے کا مشورہ دیا۔پرنسپل سیکرٹری نے افسران سے کہا کہ وہ تریشری کیئر ہیلتھ کے اِداروں پر ریفر کے بوجھ کو کم کرنے کے لئے ایک روڈ میپ تیار کریں ۔ اُنہوں نے کہا کہ وہ ہر ہسپتال میں ریفرلز کا ایک ذمہ دارانہ نظام بنائیں تاکہ مریضوں کی بہترین دیکھ ریکھ کے لئے غیر ضروری ریفرلز سے بچا جاسکے۔اُنہوں نے جموںوکشمیر یوٹی میں سیز یرین پیدائش کے زیادہ پھیلائو کا بھی نوٹس لیا اور محکمہ سے کہا کہ وہ فوری طور پر اس عمل کو روکے ۔ اُنہوں نے کہا کہ وہ ان ہنگامی اقدامات پر ادارہ جاتی پیدائش اور نارمل ڈیلیوری کو ترجیح دیں۔میٹنگ کو این ایچ ایم کی طرف سے لوگوں کو بالخصوص دیہی علاقوں میں طبی سہولیات کو اَپ گریڈ کرنے میں کی گئی کامیابیوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اِس مشن کی شراکت کو قومی سطح پر ایک سے زیادہ مرتبہ تشخیص کرنے والے اِداروں نے تسلیم کیا۔
عوامی اداروں کے تئیں حکومت کارویہ افسوسناک:ڈاکٹر فاروق
جموں کشمیرپروجیکٹس کنسٹرکشن کارپوریشن کاوجودخطرے میں :ورکروں کوخدشہ
نیشنل کانفرنس صدر سے ملاقات کرکے انہیںمسائل سے آگاہ کیا
سرینگر//ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے عوامی اداروں اور عوام کے تئیں حکومت کے رویہ پر زبردست افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جے کے پی سی سی تعمیر و ترقی کے کاموں کیلئے ایک کلیدی ادارہ ہونے کے ساتھ ساتھ ہزاروں لوگوں کو روزگار فراہم کرتا تھا لیکن حکومت کی طرف سے اس ادارے کو مکمل طور پر نظرانداز کرکے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ نہ صرف اس ادارے کو مفلوج کرنے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے بلکہ اس کیساتھ منسلک افراد کا روزگا ربھی چھیننے عزائم بھی صاف صاف نظر آرہے ہیں۔ جہاں حکومت آئے روز روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے بلند بانگ دعوے کررہی ہیں لیکن اندر سے پہلے سے ہی کام کررہے ملازمین کا روزگار چھینے کی کوششوں میں مصروف ہے اور مسلسل و منظم طریقے سے مختلف محکموں سے ملازمین کو نکانے کا عمل جاری ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ جموںوکشمیر میں اس وقت افسرشاہی مسلط کی گئی ہے اور یہاں ایسے افسران تعینات کئے گئے جن کو یہاں کے لوگوں کے مزاج، زمینی صورتحال، تاریخ اور بنیادی مسائل و مشکلات کی کوئی آگاہی نہیں۔ان باتوں کااظہار ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جموں کشمیر پروجیکٹس کنسٹرکشن کارپوریشن ورکرس یونین کے وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔جے کے پی سی سی وفد نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو بتایا کہ کارپوریشن سے وابستہ ہزاروں ورکروں کا روزگار خطرے میں پڑ گیاہے کیونکہ گذشتہ3سال سے حکومت کی طرف سے کارپوریشن کو کوئی بھی تعمیری کام نہیں دیا جارہاہے۔ وفد نے بتایا کہ 1965سے کارپوریشن نے وجود میں آکر چھوٹے بڑے پروجیکٹوں کی تکمیل عمل میں لائی اور دہائیوں تک مسلسل اپنا کام خوش اسلوبی کیساتھ کرتی رہی اور کارپوریشن گزرتے وقت کیساتھ نئی بلندیوں کو چھو رہی تھی اور کارپوریشن نے چھوٹے بڑے پل، ہسپتال، سکول، کالج، کمپلیکس اور دیگر تعمیری کام انجام دیئے۔ لیکن گذشتہ3سال سے حکومت کی طرف سے کارپوریشن کو مسلسل نظرانداز کیا جارہا ہے اور کارپوریشن کو کام الاٹ نہیں کیا جارہا ہے ، جس کے نتیجے میں کارپوریشن کا وجود خطرے میں پڑ گیا ہے اور اس سے وابستہ ملازمین کے روزگار پر بھی براہ راست اثر پڑ رہا ہے۔ وفد نے کہا کہ کارپوریشن سے وابستہ ملازمین کو 3تین ماہ بعد مشکل سے تنخواہیں مل رہی ہیں۔ گلشن باغ لور کالونی مدین صاحب سرینگر کے وفد نے بھیِ نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ سے اُن کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور اپنے مسائل و مشکلات اور مطالبات میمورنڈم کی شکل میں پیش کئے۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے دونوں وفود کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اُن کے مسائل وزیر اعظم کیساتھ اُٹھانے کے علاوہ جموں وکشمیر کے ایل جی کو بھی تحریری طور پر آگاہ کریں گے اور آنے والے لوک سبھا اجلاس میں اُٹھانے کی پوری کوشش کریں گے۔
سری لنکا کے حالات ملک کیلئے عبرت کاسامان:محبوبہ مفتی
سرینگر//پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے بدھ کو کہا کہ سری لنکا کی صورتحال ہندوستان کے لیے جاگنے کی کال کے طور پر کام ہونی چاہئے کیونکہ یہ ملک پڑوسی ملک کی طرح ’’اسی راستے پر چل رہا ہے‘‘۔ کے این ایس کے مطابق مہندا راجا پاکسے نے پیر کو سری لنکا کے وزیر اعظم کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ملک میں غیرمعمولی معاشی بحران کے درمیان، اس کے حامیوں کی جانب سے حکومت مخالف مظاہرین پر حملے کے چند گھنٹے بعد، حکام کو ملک بھر میں کرفیو نافذ کرنے اور دارالحکومت میں فوج کے دستے تعینات کرنے پر مجبور کیا ۔اس حملے نے راجا پاکسا کے حامی سیاستدانوں کے خلاف بڑے پیمانے پر تشدد کو جنم دیا۔ایک ٹویٹ میں، جموں کشمیر کی سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے کہا،’’سری لنکا میں جو کچھ ہوا اسے ایک جاگنے کی کال کے طور پر کام کرنا چاہئے۔ 2014 سے، ہندوستان کو فرقہ وارانہ جنون اور تصوراتی خوف میں مبتلا کیا جا رہا ہے۔ یہ ہائپر نیشنلزم اور مذہبی اکثریت پرستی کے ایک ہی راستے پر چل رہا ہے۔ یہ سب کچھ سماجی ہم آہنگی اور معاشی تحفظ میں خلل ڈالنے کی قیمت پرہے‘‘۔
طارق احمد وانی بابا ریشیؒ زیارت گاہ کے ایڈمنسٹریٹرمقرر
مشتاق الحسن
ٹنگمرگ // وقف بورڈ نے فیروزپور کے استادطارق احمد وانی کوباباپیام الدین ریشی ؒ کی زیارت گاہ کا ایڈمنسٹریٹر مقررکیاگیاہے۔عہدہ سنبھالنے کے چوبیس گھنٹوں کے دوران ہی انہوں نے زیارت گاہ باباپیام الدین ریشیؒ کے اردگرد صفائی ستھرائی اوررہائشی کوراٹروں میں زائرین کی سہولیات کاجائزہ لیا۔ وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشا ن اندرابی نے نئے ایڈمنسٹریٹر کوچارج سنبھالنے پرمبارکباد دینے کے ساتھ ہی زائرین کوتمام سہولیات مہیارکھنے کی ہدایت دی۔
گلوکاراُدت ناراین کو کشمیر اچھا لگا
بالی ووڈ پروڈیوسروں کو وادی میںپروڈکشن ہاؤسز قائم کرنے کامشورہ
یواین آئی
سری نگر// بالی ووڈ کے معروف گلو کار ادیت نرائن نے انڈسٹری کے پروڈیوسرز اور ڈائریکٹرز پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی فلموں کی شوٹنگ کے لئے وادی کشمیر کا رخ کریں اور یہاں اپنے پروڈیکشن ہاؤسز قائم کریں۔انہوں نے کہا کہ میں نے دنیا دیکھی ہے لیکن کشمیر جیسی خوبصورت جگہ نہیں دیکھی ہے یہ سچ مچ زمین پر جنت ہے موصوف گلو کار نے بتایا کہ میں پہلی بار کشمیر آیا ہوں۔انہوں نے کہا،’’میں بچپن سے کشمیر کے متعلق پڑھتا اور سنتا تھا اور سوچتا تھا کبھی مجھے اپنی آنکھوں سے اس کو دیکھنے کا موقع ملے گا بہر حال آج وہ دن آ ہی گیا‘‘۔ نرائن نے کہا کہ یہاں کا کلچر یہاں کے لوگ اور ان کی خوبصورت باتوں کی جتنی تعریفیں کی جائیں کم ہیں۔انہوں نے کہا،’’جو میں نے سنا تھا کہ کشمیر زمین پر جنت ہے اور آج جب اپنی آنکھوں سے دیکھا تو بالکل ویسا ہی پایا‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ میں نے ابھی کشمیر کا صرف پانچ فیصد حصہ دیکھا جب سارا کشمیر دیکھوں کا گا تو مزہ کتنا آئے گا اس کو بیان نہیں کیا جا سکتا۔موصوف گلو کار نے کہا کہ میں نے دنیا دیکھی ہے لیکن کشمیر جیسی خوبصورت جگہ یہاں کے جیسے خوبصورت اور اچھے لوگ نہیں دیکھے ہیں۔انہوں نے بالی ووڈ پروڈیوسرز و ڈائریکٹرز سے اپیل کی کہ وہ کشمیر آکر اپنی فلموں کی شوٹنگ کریں اور یہاں پروڈیکشن ہاؤسز قائم کریں۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کی یہ یادیں میرے ساتھ ہمیشہ تازہ رہیں گی۔نرائن نے جموں وکشمیر انتظامیہ اور محکمہ سیاحت کا بھی شکریہ ادا کیا۔
ملک میں مزید 2897کیسز
54مریضوں کی ہلاکتیں
یو این آئی
نئی دہلی// ملک میں کورونا انفیکشن کے معاملوں میں اتار چڑھاؤ کے درمیان گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2986 لوگ کووڈ سے صحت مند ہوئے ، جس کے ساتھ اس بیماری سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 42566935 ہو گئی ہے ۔ملک میں اب تک ایک ارب 90 کروڑ 67 لاکھ 50 ہزار 631 کووڈ ویکسین دی جا چکی ہیں ۔ملک میں کورونا کے 2897نئے کیسز سامنے آئے ۔ اس دوران مزید 54 مریضوں کی موت سے مرنے والوں کی تعداد 524157 ہو گئی ہے ۔
کھاگ کے لاپتہ ماں بیٹے مہاراج گنج سے بازیاب
یواین آئی
سری نگر// کھاگ بڈگام میں لاپتہ ہوئے ماں اور اُس کے بیٹے کو پولیس نے محض چھ گھنٹوں میں باز یا ب کیا ہے ۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پولیس تھانہ کھاگ میں غلام حسن حجام ولد غلام احمد حجام ساکن سوگن کھاگ نے تحریری طورپر شکایت درج کی کہ اُس کی بیوی فردوسہ آٹھ سالہ بیٹے عرفان احمد کے ہمراہ لاپتہ ہوئی اور بسیار تلاش کے باوجود بھی اُس کا کئی پر اتہ پتہ نہیں چل سکا۔انہوں نے بتایا کہ ایس ایچ او پولیس اسٹیشن کھاگ انسپکٹر توصیف احمد کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے انسانی اور ٹیکنیکی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر گمشدہ ماں بیٹے کو سری نگر کے مہاراج گنج علاقے سے باز یا ب کیا۔قانونی لوازمات پورے کرنے کے بعد ماں بیٹے کو وارثین کے حوالے کیا گیا۔
نجی اسکولوں کو آن لائن بدنام اورہراساں کرنے کا معاملہ حل
سرینگر//کشمیر سائبر پولیس نے پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کے صدر اور پرائیویٹ سکولوں کو بدنام اور ہراساں کرنے والے کا پردہ فاش کرکے معاملے کو سلجھادیا ہے تاہم ملوث شخص کے مستقبل کے بارے میں سوچتے ہوئے ایسوسی ایشن نے اپنا کیس واپس لیا تاکہ اُسے سدھرنے کا موقع ملے ۔ایک بیان کے مطابق پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کے صدر اور پرائیویٹ سکولوں کو بدنام کرنے اور ان کے خلاف آن لائن مہم چلانے والے کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سائبر پولیس کشمیر نے معاملے کو حل کیا ہے ۔ پولیس نے ملزم کی جگہ کاپتہ لگایا اور اس کی آن لائن سرگرمی کی وجہ جاننے کے لیے اسے متعلقہ تھانے طلب کیا۔پوچھ تاچھ کے دوران اس نے قبول کیا کہ اس نے پرائیویٹ اسکولوں کی ایسوسی ایشن اور اسکولوں کو بدنام کرنے کے لیے اس طرح کی آن لائن مہم شروع کی تھی۔ جب اس سے پوچھا گیا کہ کیااس کی کوئی معقول وجہ ہے یا اگر اس کے پاس ایسوسی ایشن کے خلاف کوئی ثبوت پر مبنی شکایت ہے، تو اس نے کہا کہ اس کے پاس کوئی معقول وجہ نہیں ہے اور ناہی کوئی ثبوت ہے۔ اس نے نجی اسکولوں کا مذاق اڑانے کے لیے اور نوکری کھونے کی مایوسی کی وجہ سے ایسا کیا تھا۔ پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن نے بتایا کہ کسی بھی شکایت کو لیکر اگر کوئی آتا ہے تو ہمارے پاس شکایات کے ازالے کا ایک ٹھوس طریقہ کار ہے جس کے ذریعے کوئی بھی مسئلہ حل کیا جاسکتا ہے تاہم اس طرح کے حربے اپنا کر جرائم کو بڑھاواملتا ہے ۔ ہم نے بھی اس شخص سے کہا کہ وہ ہمیں اپنا مسئلہ بتائے تاکہ ہم اس کا ازالہ کریں۔ لیکن اسے ایسوسی ایشن کے خلاف ایسی کوئی شکایت نہیں تھی اور اس نے سوشل میڈیا پر اظہار رائے کے حق کا غلط استعمال کرتے ہوئے ہمارے عہدیداروں کو آن لائن ہراساں کرنے اور بدنام کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا تھا۔انہوںنے بتایا کہ ہم اظہار رائے کے حق کے خلاف نہیں ہے البتہ بلا وجہ کسی کو بدنام کرنا کسی بھی طرح قابل قبو ل نہیں ہے ۔ اگر لوگوں کو حقیقی شکایت ہے تو وہ ہمارے مقرر کردہ چینلز کے ذریعے ہم سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ لوگوں کو بدنام کرنے اور ہراساں کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہوتا۔ اس بار PSAJK نے مذکورہ شخص کو معاف کر دیا ہے لیکن اس طرح کی مذموم حرکت کے اعادہ کی صورت میں ہم قانون کو اپنا راستہ اختیار کرنے دیں گے ۔ترجمان نے مزید کہا کہ یہاں تک کہ اسلام اس قسم کی بدنیتی پر مبنی سرگرمیوں اور بے بنیاد الزامات کے لیبل لگانے سے سختی سے منع کرتا ہے۔ اس لیے لوگوں کو سوشل میڈیا کو تعمیری کاموں کے لیے ذمہ دارانہ طور پر استعمال کرنا چاہیے۔اس ضمن میں ایسوسی ایشن کے صدر جی این وار نے بتایا کہ ہم نے ملوث شخص کے خلاف کیس واپس لیا تاکہ اس کے مستقبل کو نقصان نہ پہنچے ۔ اس دوران ایسوسی ایشن نے کیس کو تیزی سے حل کرنے پر سائبر پولیس کا شکریہ ادا کیا۔
لمبیڑی نوشہرہ میںشہری کی لاش برآمد
راجوری//نوشہرہ سب ڈویژن کے لمبیڑی گاؤں میں اینٹوں کے بھٹے پر کام کرنے والا چھتیس گڑھ کا ایک شخص پراسرار حالات میں مردہ پایا گیا اور اس کی لاش بھٹے سے لٹکی ہوئی ملی۔مرنے والے کی شناخت شانی کمار چوہان سکنہ چھتیس گڑھ کے طور پر کی گئی ہے۔پولیس کے مطابق بدھ کی صبح متوفی کی لاش بھٹے سے لٹکی ہوئی ملی جس کے بعد اس کی لاش کو قانونی کارروائی کے لئے سیول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔