نیوز ڈیسک
سری نگر//جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے معروف سنتوراستاد پنڈت شیو کمار شرما کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
جموں سے تعلق رکھنے والے پنڈت شیو کمار شرما ممبئی میں منگل کی صبح حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے۔
منوج سنہا نے موصوف سنتور استاد کے انتقال پر صدمے کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’پنڈت شیو کمار شرما کے انتقال سے ہندوستانی کلاسیکی موسیقی میں ایک خلا پیدا ہوا ہے جس کا پُر کرنا مشکل ہے‘۔
انہوں نے ٹویٹ میں مزید کہا: ’پنڈت جی سنتور کے ماہر ترین استاد تھے جنہوں نے اپنی پر فارمنس سے شائقین موسیقی کو مسحور کیا میں ان کے پسماندگان اور مداحوں کو تعزیت پیش کرتا ہوں۔ اوم شانتی‘۔
دریں اثنا نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی ایک ٹویٹ کرکے آنجہانی سنتور استاد کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔
انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا:پنڈت شیو کمار شرما کے انتقال کی خبر سن کر صدمہ ہوا وہ ایک لیجنڈ تھے جنہوں نے سنتور کو اتنا مقبول کیا جنتا اس سے قبل کسی نے نہیں کیا تھا‘۔
ان کا ٹویٹ میں مزید کہنا تھا: ’وہ وطن کے قابل فخر بیٹے تھے جنہوں نے عالمی سطح پر اپنی چھاپ ڈالی۔ پسماندگان کی خدمت میں تعزیت و تسلیت‘۔
پنڈت شیو کمار شرما نے کئی ہندی فلموں کی موسیقی بھی ترتیب دی ہے۔
ان کے بیٹے اور شاگر راہول جو ایک سنتور فنکار ہیں، اپنے والد کی میراث کو آگے بڑھا رہے ہیں۔