سرینگر// پریس کالونی میںکل اس وقت عجیب منظر پیش آیا،جب صدراسپتال میں مبینہ طور علاج نہ ملنے کے خلاف احتجاج کر رہے ایک کنبے کو پی ڈی پی لیڈر نے احتجاج کے بیچ میں ہی اپنی گاڑی میں سوار کر کے صدر اسپتال پہنچایا ۔سوموار کو بیروہ سے آئے ہوئے ایک کنبے نے انکے معذور بچے کو صدر اسپتال میںمبینہ طور علاج نہ ملنے کے خلاف پریس کالونی میںاحتجاج کیا۔ احتجاجی کنبہ اپنی روداد بیان ہی کر رہا تھا کہ اچانک پی ڈی پی صوبائی یوتھ صدر انجینئرنذیر یتویہاں ایک اخبار ی دفتر سے باہر آئے اور کنبے کی روداد سنی۔ مذکورہ یوتھ لیڈر نے موقعہ پر ہی پرنسپل میڈیکل کالج سے رابطہ قائم کیا اور پورے کنبے کو اپنی گاڑی میں سوار کر کے صدر اسپتال پہنچایا۔اس موقعہ پر میڈیا نمائندے بھی انکے تعاقب میں صدر اسپتال پہنچے،جہاں انجینئر نذیر یتو کنبے سمیت پرنسپل میڈیکل کالج کے دفتر میں داخل ہوااور پوری روداد سنائی۔ مذکورہ معذور بچے کو فوری طور پر اسپتال میں علاج و معالجہ کیا گیا۔ نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے متاثرہ کنبے نے کہا کہ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ انہوں نے ابھی اپنی روداد بھی بیان نہیں کی تھی کہ انکا مسئلہ کا ازالہ ہوا۔