معاوضہ کی ادائیگی میں لیت و لعل

 
بانہال // بانہال کے بنکوٹ علاقے میں زیر تعمیر ریلوے ٹنل کی تعمیرسے متاثر ہوئے لوگوں نے پچھلے کئی روز سے ریلوے ٹنل پر جاری کام دھرنا دیکر بند کیا جس کی وجہ سے ریلوے ٹنل نمبر 77 کے دونوں سروں پر جاری کام اتوار کو تیسرے روز بھی ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے ۔ اتوار کو تحصیلدار بانہال نے علاقے کا دورہ کیا اور کمپنی کے حکام کی موجودگی میں عوام سے بات چیت کرکے کرایہ اور رہائشی مکانوں کا معاوضہ ادا کرنے میں مزید دس روز کی مہلت مانگی لیکن لوگوں نے یہ پیشکش مسترد کرکے ٹنل کے ا ندر کام شروع کرنے کی اجازت نہیں دی۔بنکوٹ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ تعمیراتی کمپنی اور شمالی ریلوے لوگوں سے بہانہ بازی کرکے اپنا کام نکال رہی ہے مگر لوگوں کے مکانوں اور کھیت  کھلیانوں کو اجاڑ کر تعمیر کئے جارہے اس ریل پروجیکٹ نے لوگوں کو مایوس کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے ٹنل نمبر 77 پر کام تب تک بند رکھا جائے گا جب تک نہ بنکوٹ کے متاثرین کوباقی رقومات کی ادائیگی کی جا تی ہے۔