کشتواڑ/// میونسپل کمیٹی کشتواڑ کے اندر پانی کے کنکشن کو بغیر اجازت نکالنے کو لیکر میونسپل کمیٹی کے نائب صدر نے پولیس کو محکمہ کے ملازمین کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی تاکیدکی ہے۔ کشمیرعظمیٰ کے پاس موجود کاپی، جس میں پولیس تھانہ کشتواڑ کو تحریری شکایت کی گئی ہے،میں نائب صدر سنجیت کوتوال نے بتایا ہے کہ جل شکتی کے چند ملازمین نے موٹی رقم کے عو ض غیرقانونی طور پانی کے کنکشن ان لوگوں کو دئے ہیں جنکے پاس پہلے ہی متعدد کنکشن ہیں۔تحریری شکایت میں کہاگیا ہے کہ محکمہ کے ملازمین نے اپنے افسران کیساتھ ملی بھگت کے تحت غیرقانونی کنکشن جاری کئے ہیںجبکہ میونسپل کمیٹی سے اجازت نہیں لی گئی ہے۔شکایت کے مطابق اگرچہ میونسپل کمیٹی نے ا یک سال قبل کئی حکم نامے جاری کئے اور محکمہ جل شکتی کو کسی بھی نئے کنکشن کو جاری کرنے سے قبل میونسپل کمیٹی سے اجازت لینے کو کہا لیکن باوجود اسکے کوئی بھی اجازت نہیں لی جاتی ہے اور سڑکوں کو کھود کر پانی کے کنکشن نکالے جاتے ہیں جبکہ محکمہ جل شکتی کے ملازمین ان کنکشنوں کو جاری کرنے کے عوض ان افراد سے رقم وصولتے ہیں۔شکایت کے مطابق محکمہ کی جانب سے وارڈ نمبر 2،3،5اور6میںلگائی گئی ٹائیلوں و آر اینڈ بی کی تعمیر کی گئی سڑک کو کھود کر پائپیں لگائی جاتی ہیںجبکہ انھوں نے از خود جایزہ لیا اور وارڈ1،7اور8کے اند محکمہ کا عملہ دیررات بھی غیر وقانونی کنکشن نکال کردے رہے تھے جسے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے۔ انھوں نے پولیس سے اس معاملے کو لیکر مقدمہ درج کرنے کو کہاہے۔ جب ہم نے ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر و ایس ایچ او کشتواڑ سے ایف آئی آر درج کرنے کو لیکر بات کی تو انکی طرف سے کوئی جواب نہ ملا۔