کوویڈ سے لوگوں کو بچانے کے دوران 2سال میں14نے جان گنوا دی
پرویز احمد
سرینگر // آج معالجین کا قومی دن منایا جارہا ہے۔گذشتہ 100سال میں اگر معالجین کے رول کا احاطہ کیا جائے اور پچھلے 2برسوں کے دوران کووڈ کی عالمگیر وبائی بیماری میں انکے رول کو سنہرے الفاظ سے لکھا جائیگا۔ پورے ملک کیساتھ ساتھ جب انسانی نقل و حرکت بند کی گئی اور وباء نے خطر ناک صورتحال اختیار کی تو حالات جموں کشمیر میں بھی کچھ اچھے نہیں تھے۔جموں و کشمیر میں عالمی وباء کے2 سال کے دوران 4لاکھ55ہزار سے زائد لوگوں کو متاثر کرنے والے اور 4756افراد کی جان لینے والے وائرس سے لڑتے لڑتے 14معالجین کو بھی اپنی جان گنوانا پڑی ۔ پہلے سے ہی مریضوں کے بوج تلے دبے ڈاکٹروں نے نہ صرف لوگوں کو علاج ومعالجہ فراہم کیا بلکہ ہر وقت وائرس سے بچنے کی تدابیر کے بارے میں بھی عام لوگوں کو مطلع کرتے رہے۔ عالمی وباء کے دوران جاں بحق ہونے والے 14ڈاکٹروں میں 6کا تعلق کشمیر جبکہ 8کا جموں سے تعلق رکھتے تھے۔جمعہ کو ’’معالجین کے قومی دن ‘‘ کے موقع پر جموں و کشمیر میں عالمی وباء کے دوران جان گنوانے والے ’’ہیروز‘‘ کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔18مارچ 2020کو جب وادی میں بیرون ریاست کا سفر کرکے واپس لوٹی خاتون کی رپورٹ مثبت آئی تو وادی بھر میں کھلبلی مچ گئی اور حکومت نے فوراً لاک ڈائون کا اعلان کیا لیکن اس کے بائوجود بھی جموں و کشمیر میں ڈاکٹروں نے وبائی وائرس سے لڑنے کا چیلنج قبول کیا اور اپنے اہلخانہ کو چھوڑ کر لوگوں کی جان بچانے میں جٹ گئے۔
لوگوں کی جان بچانے کی اسی کوشش کے دوران جموں و کشمیر میں 350سے زائد ڈاکٹر وائرس سے متاثر ہوئے جن میں 14کی جان گئی۔ کشمیر میں عالمی وباء کے دوران 3ڈاکٹروں نے دوران ڈیوٹی اپنی جان گنوائی ،جن میں ڈاکٹر شبیر احمد ملک، ڈاکٹر محمد اشرف میر اورڈاکٹر خورشید اقبال شامل ہیں۔ جبکہ دیگر 3ڈاکٹرڈاکٹر محمد سلیم، ڈاکٹرعبدالرشید شیر وانی اور ڈاکٹر محمد اقبال کوویڈ سے متاثر ہوکر گھروں میں فوت ہوگئے۔ جموں صوبے میں فوت ہونے والے 8ڈاکٹروں میں سے 3پیرپنچال، 3چناب اور 2جموں ضلع سے تعلق رکھتے ہیں۔ جموں صوبے میں فوت ہونے والے ڈاکٹروں میں ڈاکٹر طاہر مرزا، ڈاکٹر محمد اکرم ملک اور ڈاکٹر بشارت حسین شامل ہیں۔ جموں ضلع میں فوت ہونے والے ڈاکٹروں میں ڈاکٹر ایم ایل شرما، ڈاکٹر ایم کے رینہ کے نام شامل ہیں۔ ڈاکٹر شرما جی ایم سی جموں جبکہ ڈاکٹر رینہ ایسکام میں فوت ہوگئے ۔ اس کے علاوہ جموں میں ڈاکٹر نوید بشیر رونیال اور جی ایم سی جموں کا پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹر رجت بھی جان گنوا بیٹھا ۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر نشاط نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ عالمی وباء کے دوران فرائض کی انجام دہی کے دوران 10افراد کی جان گئی جن میں 3ڈاکٹر اور 7نیم طبی عملہ کے افراد شامل ہیں۔ انہوں نے کہا ’’ محکمہ صحت فوت ہونے والے ڈاکٹروں کے اہلخانہ کی ہر ممکن مدد کرتا ہے‘‘۔
لیفٹنٹ گورنر کی مبارکبادی
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے معالجین کو ’’ڈاکٹروں کے قومی دن ‘‘کے موقعہ پر مبارکباد دی اور انسانیت کیلئے ان کی بے لوث خدمت کیلئے ان کا شکریہ ادا کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے ایک ٹویٹ میں کہاکہ ڈاکٹروں کے قومی دن پر، تمام ڈاکٹروں کو میری مبارکباد ۔ انہوںنے کہاکہ میں اس منفرد پیشے کے ذریعے انسانیت کی بے لوث خدمت کر کے اور لاکھوں لوگوں کی زندگیوں کو بدلنے والے مردوں اور عورتوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔