جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر کے علاقہ مصطفیٰ نگر سے پیر متو زیارت کی طرف جا رہی چار کلو میٹر سڑک کو لے کر لوگوں نے محکمہ تعمیرات عامہ کے خلاف احتجاج کیا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ چار کلو میٹر سڑک کا سروے ہے جس میں سے صرف ڈھائی کلو میٹر سڑک تیار ہوئی ہے اور اب متعلقہ ٹھیکیدار محکمہ کے ملازمین کی ملی بھگت سے کام چھوڑ کر بھاگنے کی کوشش کر رہا ہے جس کی جے سی بی مشین ہم نے زبر دستی روکی ہوئی ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ اِس سِلسلہ میں ہمارا ایک وفد ایگزیکٹیو انجینئرمحکمہ تعمیرات عامہ مینڈھر سے بھی ملا تھا اور اُنہوں نے یقین دلایا تھا کہ کام شروع ہوگا لیکن ایسا نہیں ہوا اور اب آفیسران نے فون اٹھانا چھوڑ دیا ہے اور ٹھیکیدار مشین لے کربھاگ رہا تھا اور ہم نے بڑی مشکل سے مشین روکی ہے۔ لوگوں نے ڈی سی پونچھ اُور ایس ڈی ایم مینڈھر سے ایپل کی کہ جلد سڑک کا کام مکمل کروایا جائے اور اُن ملازمین کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے جو اس میں ملوث ہیں ۔