پلوامہ //کشمیری مسلمانوں نے کشمیریت، انسانیت اور بھائی چارے کی ایک اور مثال اُس وقت قائم کی جب انہوں نے ترچھل پلوامہ میں ایک کشمیر پنڈت کی آخری رسومات میں شرکت کرکے تمام انتظامات کئے ۔ 50سالہ جے کشن پنڈت ترچھل پلوامہ میں رہائش پذیر تھااور نامسائد حالات کے دوران اس نے کشمیر نہیں چھوڑا بلکہ اپنے مسلمان بھائیوں کے ساتھ ہی رہا ۔جے کشن پچھلے کچھ عرصہ سے بیمار تھا اور جمعرات کو اُن کا انتقال ہوا۔ان کی موت کی خبر آس پاس علاقوںمیں پھیلی تو مسلمانوں کی کثیر تعداد کشمیری پنڈت کے گھر پہنچ گئی۔اس دوران مسلمان مرد و زن نہ صرف کشمیری پنڈت کے گھر آئے بلکہ اُس کی آخری رسمات کیلئے لکڑیاں بھی فراہم کیں ۔آخری رسومات میں شرکت کرنے والے کشمیر پنڈتوں نے اس دوران کہا کہ وہ انتہائی خوش ہیں کہ وہ کشمیر میں ایسے لوگوں کے یہاں رہتے ہیں جنہوں نے ہمیں کبھی بھی غیر نہیں سمجھا اور ہماری ہر مشکل گھڑی میں مدد کی ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر وادی میں جو بھائی چارہ پنڈتوں اور مسلمانوں کے درمیان ہے اُس کی مثال کہیں نہیں ملتی۔