مسرت عالم کی سیاسی زمین تنگ کی جارہی ہے:مسلم لیگ

 سرینگر//مسلم لیگ نے کہا ہے کہ ایک منصوبہ بند سازش کے تحت پارٹی کے محبوس چیئرمین مسرت عالم بٹ کی سیاسی زمین تنگ کی جارہی ہے۔موصولہ بیان کے مطابق سیاسی عداوت کی راہ پر چلتے ہوئے اور قانون و آئین کو پس پشت ڈال کر پولیس و انتظامیہ ان کے خلاف ایسے کیس معرض وجود میں لاتی ہے جو صر ف اور صرف جھوٹ کا پلندہ اور حقیقت و سچائی کو توڑ مروڑ کرخیالی و فرضی کھچڑی ہوتی ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ مسرت عالم بٹ کو ایک منصوبہ بند کڑی کے تحت اور سازشی طریقے سے ایک کیس میں بری ہونے کے بعد دوسرے فراڈ اور من گھڑت کیس میں پھنسانے کی پالسیاں ترتیب دی جارہی ہیں جو انسانی حقوق کی سنگین اور بد ترین پامالی ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ مسرت عالم بٹ کی پوری زندگی جیلوں میں گذری ہے اور اس کے حوصلوں کو توڑنے کے لئے سینکڑوں حربے آزمائے گئے مگر اس کے باوجود انہوں نے اپنے موقف میں تھوڑی سی بھی لچک نہیںلائی ۔ ترجمان نے انسانی حقوق کونسل، ریڈ کراس، ایمنسٹی انٹرنیشنل، او آئی سی،بار ایسوسی ایشن کشمیر اور دوسری بشری حقوق کے اداروں کے ساتھ ساتھ کشمیر کی دینی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ مسرت عالم کے تئیں روا رکھے جارہے اس ناروا سلوک کا سنجیدہ نوٹس لیں اور ان کی اسیری کو بلاجواز طول دینے اور ان پر فرضی کیس عائد کرنے کے مذموم عمل کو روکنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔