مستحکم سماج کی تعمیر کیلئے موثر لائحہ عمل اپنایا جائے: گنائی

 
 سرینگر//لوگوں کو خود کفیل بننے کی تلقین کرتے ہوئے گورنر کے صلاحکار خورشید احمد گنائی نے مختلف بہبودی سکیموں کی موثر عمل آوری کیلئے سول سوسائیٹی کو سرکار کو تعاون فراہم کرنے پر زور دیا ہے ۔ سرینگر میں مختلف عوامی وفود کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے صلاحکار نے کہا کہ سرکار نے ریاست کی کلہم ترقی کیلئے ایک وسیع روڈ میپ تشکیل دیا ہے اور ریاست میں بنیادی ڈھانچے کو مختلف ریاستی اور مرکزی سرکاروں کی عمل آوری سے فروغ دیا جا رہا ہے ۔ البتہ ان سکیموں کو کامیاب بنانے کیلئے مختلف شراکت داروں کا تعاون لازمی ہے ۔ صلاحکار نے کہا کہ وادی میں سیاحوں کی آمد میں اضافہ کرنے کیلئے مختلف تشہیری مہمات چلانے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ سیاحتی شعبے سے منسلک مختلف شراکتداروں اور انجمنوں کو لگاتار ٹریول مارٹوں اور تہواروں میں شرکت کرنی چاہئیے تا کہ سیاحت کو فروغ دیا جا سکے ۔ انہوں نے ریاست کے حوالے سے مثبت شناخت قایم کرنے پر زور دیتے ہوئے وفود کو تعاون فراہم کرنے کی اپیل کی ۔ صلاحکار سے40 سے زاید وفود نے ملاقات کر کے اپنے مطالبات سامنے رکھے ۔ معذور بچوں کے والدین سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے صلاحکار نے کمشنر معذروین اور مشن ڈائریکٹر آئی سی پی ایس کو ایسے افراد کو تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی ۔ چاڈورہ ، گوپال پورہ کے وفد نے پانی کی قلت ، رہایشی اراضی کی مستقلی اور گوپال پورہ چاڈورہ اور بڈگام میں علمدارباغ کالونی کو فروغ دینے کی مانگ کی ۔ سول سوسائیٹی ترال کے وفد نے ریاستی سکولی تعلیم بورڈ کے سب آفس کے قیام جبکہ اننت ناگ سے تعلق رکھنے والے او بی سی وفد نے او بی سی سروے کرانے ، او بی سی بورڈ کو قابلِ کار بنانے اور او بی سی ہوسٹلوں کو قابلِ کار بنانے کی مانگ کی ۔ انڈین ٹیلی فون انڈسٹری لمٹیڈ کے وفد نے ریاست میں مذکورہ صنعت کے فروغ کیلئے ضروری اقدامات کی مانگ کی ۔ بارہمولہ کے وفد نے سنگری نالہ سے ملبہ ہٹانے جبکہ گاندر بل کے وفد نے ززنہ میں فروٹ منڈی کے قیام کے علاوہ کسانوں کیلئے کراپ انشورنس اور ایڈورٹائیزمنٹ پالیسی کی مانگ کی ۔ پبلک ایڈمنسٹریشن سکالروں کے وفد نے بارھویں جماعت میں مذکورہ مضمون کو متعارف کرانے کی مانگ کی ۔ گول رام بن کے وفد نے متعلقہ سکینڈری سکول کو ہائیر سکینڈری کے طور اپ گریڈ کرنے جبکہ ایس کے کالونی اننت ناگ کے وفد نے ایس کے کالونی سڑک پر تار کول بچھانے کی مانگ کی ۔ اوقاف حضرت بل کھرم کے وفد نے مقامی زیارت کی تجدید و مرمت ، زیارت میں پارک کے قیام اور چشمے کی صفائی کی مانگ کی جبکہ راج پورہ پلوامہ کے وفد نے سب ضلع ہسپتال ، کمیونٹی سنٹر اور ڈگری کالج کے قیام کی مانگ کی ۔ باغات کنی پورہ کے وفد نے ڈرین کی تعمیر ، سڑک پر تار کول بچھانے جبکہ نور پورہ کے وفد نے ہسپتال عمارت کی تعمیر کے علاوہ لڑکیوں کے سکینڈری سکول کی اپ گریڈیشن اور اندرونی سڑک میں بہتری کی مانگ کی ۔ شانگس اننت ناگ کے وفد نے شانگس میں زنانہ کالج کے قیام اور منی سیکرٹریٹ کی تعمیر کی مانگ کی ۔