سرینگر //محکمہ صحت نے جمعرات کو سرینگر میں ٹرانسپورٹروں کے ساتھ ایک میٹنگ میںکورونا مخالف قوائد و ضوابط پر عمل آوری کے ساتھ ساتھ فی الحال اورلوڈنگ نہ کرنیکی ہدایت دی ہے۔ محکمہ انفارمیشن کے آڈیٹوریم ہال میں منعقد میٹنگ میں ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر ،آر ٹی سی عہدیدار ، ایس ایس پی ٹریفک مظفر احمد شاہ اور آر ٹی او کشمیر کے علاوہ ٹرانسپورٹروں کی مختلف انجمنوں کے نمائندوں کے علاوہ مختلف اضلاع سے آئے ٹرانسپورٹروں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر ڈاکٹر راتھر نے تمام ٹرانسپورٹروںسے اپیل کی کہ وہ مسافر گاڑیوںکے ڈرائیوروں اور کنڈیکٹروں کو ماسک پہننے اور سینٹائزر کا استعمال کرنے کی سخت تلقین کریں۔ ڈاکٹرمشتاق نے بتایا ’’ ڈرائیوروں اور کنڈیکٹروں کا مسافروں کے ساتھ روزانہ تعلق ہوتا ہے اور اسلئے ان میں وائرس سے زیادہ متاثر ہونے کا خطرہ رہتا ہے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ڈرائیور اور کنڈیکٹر روز مرہ کام کے دوران ماسک اور نہ ہی سیٹائزروں کا استعمال کرتے ہیں۔گاڑیوں میں اورلوڈنگ کا تذکرہ کرتے ہوئے تمام ٹرانسپورٹروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ فی الحال اورلوڈنگ سے گریز کریں کیونکہ اورلوڈنگ سے سواریوں کو خطرہ رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی او کشمیر نے تمام ٹرانسپورٹروں کو خبردار کیا کہ اگر وہ کویڈ ایس او پیز پر عمل نہیں کریں گے اور اورلوڈنگ سے پرہیز نہیں کریں گے تو جرمانہ عائدکیا جائیگا۔