مسافرٹیکس کو وصول کرنے کیلئے مہم شروع کرنے ہدایت

سرینگر// بلال فرقانی// محکمہ ٹرانسپورٹ نے ریجنل ٹرانسپورٹ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ مسافر ٹیکس کی وصولی کے لیے جامع مہم شروع کریں جبکہ تمام  تجارتی گاڑیوں میں وہیکل ٹریکنگ ڈیوائس(گاڑیوں کی نشاندہی کرنے والے آلات) کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے۔ذرائع کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ کی ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کمشنر سیکرٹری ٹرانسپورٹ محکمہ نے کی جس میں مختلف فیصلے لئے گئے۔اس دوران تمام اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ میٹنگ میں کیے گئے فیصلوں پر مکمل عمل درآمد کریں۔اے آر ٹی اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مسافروں کے ٹیکس کی وصولی کے لیے سخت مہم شروع کریں۔ انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ روٹ پرمٹ کی تجدید نہ کریں، گاڑیوں کی منتقلی اور فٹنس کی اجازت نہ دیں جب تک کہ مسافر ٹیکس گاڑی مالکان کی جانب سے جمع نہیں کرایا جاتا۔اس کے علاوہ، تمام اے آر ٹی اوز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ موٹر وہیکل ایکٹ کی دفعات کے مطابق تمام تجارتی گاڑیوں میں وہیکل ٹریکنگ ڈیوائس کو یقینی بنائیں۔