کپوارہ// پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کے نائب صدر سر تاج مدنی نے کہا کہ عوام کے زخمو ں پر مرہم لگانے کیلئے سبھی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی مسئلہ کشمیر کا پر امن حل نکالنے کی خواہاں ہے اور اس کے لئے ان کی حکو مت نے پہل بھی کی ہے ۔مدنی اتوار کوکپوارہ میں پارٹی کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔انہوںنے کہا کہ پارٹی سرپر ست مفتی محمد سعید روز اول سے ہی یہ کہتے آئے ہیں کہ گزشتہ 30برسوں کے دوران ریاستی عوام نے جو زخم کھائے ہیں، اُن کا مرہم کرنا پی ڈی پی کا مشن ہے جس کیلئے انہو ں نے سوچ سمجھ کر بی جے پی کے ساتھ حکومت بنائی اور یہی وجہ ہے کہ آج مرکز مذاکرات کارو ں کو وادی کے لوگو ں سے بات چیت کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے تاکہ ریاستی لوگو ں کی رائے جان کر مسئلہ کشمیر کا پر امن حل نکالا جائے ۔انہو ں نے کہا کہپی ڈی پی دورِ حکومت میںہی آرپار راستے کھولے گئے اور مزید راستوں کو بھی کھولاجارہا ہے تاکہ ریاست میں امن لو ٹ آئے اور ریاست ترقی کی راہ پر گامزن ہو ۔انہوں نے مزیدکہا کہ 2008کے الیکشن کے بعد جب نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے ریاست میں حکومت بنائی تو یہا ں پھر سے حالات خراب ہوگئے جس کا خمیازہ آج بھی لوگ بھگت رہے ہیں ۔سرتاج مدنی نے نیشنل کانفرنس اور کانگریس کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ان دونوں جماعتوں نے یہا ں کی اقتصادی حالت کو بھی بر باد کیا اور مرکز سے لیکر ریاست تک یہا ں کے وسیع تر مفاد کا سو دا کیا جبکہ دفعہ370 اور35Aکی جڑو ں کو کھو کھلا بنا دیا اور آج ان دفعات کی باتیں کر کے ریاستی عوام کو گمراہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی دفعہ370اور35Aکی بھر پور حفاظت کے لئے پر عزم ہی نہیں بلکہ کوئی بھی قربانی دینے کے لئے گریز نہیں کر ے گی ۔سر تاج مدنی نے این سی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس پارٹی نے ہمیشہ لوگو ں کو گمراہ کیا جس کے بعد 2014کے الیکشن میں لوگو ں نے اس پارٹی کو ٹھکرا دیا لیکن پی ڈی پی ریاست میں تعمیر و ترقی میں بہتری لانے کے لئے تمام تر اقدامات کرے گی ۔اس موقع پر دیہی ترقی اور پنچائتی راج کے وزیر اور ممبر اسمبلی لولاب عبد الحق خان نے بھی کنونشن سے خطاب کے دوران پارٹی کی سر گرمیو ں سے متعلق عوام کو با خبر کیا ۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں تعمیر و ترقی کا جال بچھایا جارہا ہے اور موجودہ سرکار ریاست کے ہر خطہ میں یکساں تعمیر و ترقی کی خواہاں ہے۔کنونشن سے راجیہ سبھا ممبر میر فیا ض احمد نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی سر براہی میںسرکار نے ریاست میں تعمیر و ترقی کے حوالے سے ایک نئے دور کا آغاز کیا ۔انہو ں نے پارٹی ورکرو ں کو متحرک ہوکر عوامی خدمات میں پیش پیش رہنے کی ہدایت دی اور ریاستی سرکار کی کار کردگی کو عوام تک پہنچانے میں کلیدی رول ادا کرنے کی تلقین کی ۔