امریکی سفارتخانے کے وفد کی راناسے ملاقات
جموں//دہلی میں امریکی سفارت خانے کے وفد نے منگل کونیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر دیویندر سنگھ رانا سے ملاقات کی اور مشترکہ مفاد کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ امریکہ کے سفارتخانے میں سیاسی امور کے منسٹر کونسلر گراہم مائر اور سینئر سیاسی مشیر اے سکیش نے ماحولیات، سیاحت، تعلیم اورنظریات کی تقسیم جیسے مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جس کا مقصد عالمگیر بھائی چارہ، ہم آہنگی اور امن و سکون کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے متوازن ماحول، صحت اور حفظان صحت، خواندگی کو فروغ دینے اور عالمی سطح پر اقدامات کو یقینی بنانے میں معاشرتی شمولیت کی اہم ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔رانا نے کہا کہ پارٹی کے بانی شیخ محمد عبد اللہ نے ایک مضبوط، خوشحال اور سیکولر جموں و کشمیر کا تصور پیش کیا جو ان کے مشہور چارٹر’نیا جموں و کشمیر‘ میں لکھا ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا’’یہ تصور پارٹی کے لئے رہنمائی کا کام کرتا ہے‘‘۔رانا اور دورہ کرنے والی امریکی ٹیم نے غربت اور بیماریوں کے خلاف جنگ سے متعلق اقدامات کے علاوہ ممالک اور براعظموں کے مابین امن وسکون کو یقینی بنانے کے اقدامات سمیت مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔میٹنگ کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے وبائی مرض کے تناظر میں مروجہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور امید ظاہر کی کہ دنیا بھر میں اجتماعی اقدامات وائرس سے نمٹنے کے لئے موثر ویکسین کا باعث بنیں گے۔
درماندہ 9,70,402 شہریوں کی واپسی
جموں//حکومت جموں وکشمیر نے کووِڈلاک ڈاون کے سبب ملک کے مختلف حصوں میں درماندہ جموںوکشمیر کے 9, 70,402شہریوں کو براستہ لکھن پور اور کووِڈخصوصی ریل گاڑیوں اور بسوں کے ذریعے تمام رہنما خطوط اور ایس او پیز پر عمل پیرا رہ کر یوٹی واپس لایا۔سرکاری اَعداد و شما ر کے مطابق جموںوکشمیر کے مختلف اَضلاع کی اِنتظامیہ نے ملک کی مختلف رِیاستوں اور یوٹیز سے1,40,292 درماندہ مسافروں کو لے کر جبکہ براستہ لکھن پور8,30,110اَفراد کو حکومت نے155کووِڈ خصوصی ریل گاڑیوںکے ذریعے اودھمپو ر اور جموں ریلوے سٹیشنوں پر خیرمقدم کیا ۔حکومت نے لکھن پور کے ذریعے اَب تک بیرون ملک سے948مسافرو ں کویوٹی واپس لایا ہے ۔اِس طرح جموںوکشمیر حکومت نے اَب تک 155کووِڈ خصوصی ریل گاڑیوں اور براستہ لکھن پور بسو ںکے کاروان میں اَب تک بیرون یوٹی درماندہ 9, 70,402شہریو ں کو کووِڈ۔19 وَبا سے متعلق تمام اَحتیاطی تدابیر کو مد نظر رکھ کر واپس لایا گیا۔س
محکمہ سماجی بہبود کی سپروائزر 5ماہ سے تنخواہوں سے محروم
کپوارہ//اشرف چراغ //جمو ں و کشمیر محکمہ سماجی بہبود میں کام کر رہی سپر وائزر گزشتہ پانچ ماہ سے تنخواہ کے بغیر ہیں جس کے باعث انہو ں نے کام چھو ڑ ہڑتال کی راہ اختیار کرلی ہے ۔جمو ں و کشمیر آئی سی ڈی ایس سپر وائزرس یونین کی یو ٹی صدر عابدہ وار نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ وہ گزشتہ پانچ ماہ سے تنخواہ کے بغیر ہیں جس کی وجہ سے ان سپر وائز ر اور ان کے بچے ذہنی کو فت کے شکار ہو ئے ہیں ۔ عابدہ کا کہنا ہے کہ مرکزی سرکار سے ہر ماہ با ضابطہ طور ان کی تنخواہ واگزار کی جاتی ہے لیکن ریاستی سرکار ہماری تنخواہ واگزار کرنے میں لیت و لعل سے کا م لے رہی ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ تنخواہ نہ ملنے کی وجہ سے وہ طرح طرح کے مشکلات سے دو چار ہیں ۔ان کا مزید کہنا ہے کہ گزشتہ مہینو ں سے انہو ں نے محکمہ کے اعلیٰ حکام سے گزارش کی کہ ان کی رکی پڑی تنخواہ واگزار کی جائے لیکن آج تک کوئی بھی اقدام نہیں اٹھا یا گیا اور نتیجے کے طور سو شل ویلفئر محکمہ میں کام کر رہی سپر وائزر کام چھو ڑ ہڑتال پر جانے کیلئے مجبور ہوگئی ہیں ۔انہو ں نے سرکار کو دھمکی دی ہے، کہ اگر آئندہ چند دنو ں میں ان کی رکی پڑی تنخواہ واگزار نہیں کی گئی تو وہ ایک احتجاجی کلینڈر جاری کریں گے جس کی ساری ذمہ داری سرکار پر عائد ہو گی ۔
آنگن واڑی ورکروں کے مشاہرے کا مطالبہ
کشتواڑ// مسلم راشٹریہ منچ کے ضلع صدر کشتواڑ شاہنواز آہنگر نے کہاہے کہ پچھلے کئی سال سے آنگن واڑی ورکرزاپنے مطالبات کیلئے سراپا احتجاج ہیں لیکن ان کے ساتھ انصاف نہیں کیاجارہا۔انہوںنے اپنے ایک بیان میں کہاکہ ان کے مطالبات کی تکمیل کے لئے کوئی اقدام نہیں اٹھایاجارہااورپچھلے نو ماہ سے ماہانہ مشاہرہ بھی ادا نہیں کیاگیا جس وجہ سے وہ بھکمری کاشکار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ اعلان کیا گیا ہے کہ گرام پنچایتیں آنگن واڑی مراکز (اے ڈبلیو سی) کے کام کی نگرانی کریں گی اور ان کے کام سے مطمئن ہونے کے بعد اسناد اجراء کریں گی۔آہنگر نے اس حکم کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہاکہ اگر اس کوواپس نہیں لیاگیاتو احتجاج ہوگا۔
ہربنس لال نے اے ڈی سی رام بن کا چارج سنبھالا
رام بن// ہربنس لال نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (اے ڈی سی) رام بن کی حیثیت سے چارج سنبھال لیا۔ انہوں نے اشوک کمار شرما کی جگہ لی جو ڈی سی کشتواڑ مقرر ہوئے ہیں۔اے سی آر نے ساتھ ہی ضلع انتظامیہ کے دیگر اعلیٰ افسران کے ساتھ موجودہ اے ڈی سی کا خیرمقدم کیا اور ضلع کی ترقی کے لئے ان کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔چارج سنبھالنے کے بعد اے ڈی سی نے تمام ضلع افسران اور عہدیداروں سے تعارفی میٹنگ بھی کی۔اے ڈی سی نے ان پر زور دیا کہ وہ عوامی مسائل کو ترجیحی طور پر حل کرنے کے علاوہ ضلع کی ترقی کے لئے طے شدہ اہداف کے حصول کے لئے مربوط طریقہ کار اپنائیں۔
سابق تحصیلدار کے انتقال پر تعزیتی اجلاس
ریاسی// ضلع انتظامیہ ریاسی نے رتن سنگھ (ریٹائرڈ تحصیلدار) کے انتقال پر تعزیتی اجلاس منعقد کیا۔ڈپٹی کمشنر اندو کنول چب کی زیرصدارت ایک تعزیتی اجلاس ہواجس میں اسسٹنٹ کمشنر ریونیو، تحصیلدار اور محکمہ مال کا عملہ موجود تھا۔اس موقعہ پر شرکانے محکمہ مال میں 35 سال کی خدمات انجام دینے والے سابق تحصیلدار کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا اور دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔
رخسانہ غنی نے خاطر تواضع محکمہ کے کام کاج کا جائزہ لیا
جموں//سیکرٹری خاطر تواضع رُخسانہ غنی نے کنونشن سینٹر جموں میں محکمہ کے کام کاج کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔انہوںنے افسران کو پورے جوش و جذبے سے کام کرنے اور تما م امور کو ترجیحی بنیاد پر حل کرنے کی ہدایت دی۔ناظم خاطر تواضع حشمت علی خان نے جموں ، اودھمپور ، سرینگر ، گلمرگ اور پہلگام میں محکمہ کی کارگردگی اور اس کے اثاثوں کے بارے میں ایک تفصیلی پریذنٹیشن پیش کی۔محکمہ کے رول اور ذمہ داریوں کی وجہ سے درپیش مختلف امور کے سلسلے میں بحث و تمحیص ہوئی۔سیکرٹری کو جاری منصوبوں سے متعلق جانکاری دی گئی ۔