مشیر بصیر خان کاعوامی دربار 23 دسمبر کو
جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان جو 22؍ دسمبر کو شکایتی سیل واقع چرچ لین سری نگر میں عوامی شکایات کی شنوائی کرنے والے تھے ،چند نامساعد حالات کی وجہ سے ملتوی کردی گئی ہے اور اَب 23 دسمبر 2020ء بروز بد ھ وار دوپہر 12 بجے کے بعد عوامی شکایات کی شنوائی کریں گے ۔ عوامی وفود و اَفراد جو اَپنی شکایات اورمطالبات حکومت کی نوٹس میں لانا چاہتے ہیں وہ مذکورہ مقام پر مشیر سے مل سکتے ہیں ۔ وفود و اَفراد جو مشیر سے ملنے کے خواہشمند ہوں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اُن کے دفتری فون نمبرات 9419168268 اور 7006776586 پر ملاقات کا تعین کر سکتے ہیں ۔ مشیر سے ملنے کیلئے مذکورہ جگہ آنے والے اشخاص کو کووِڈ۔ 19 رہنما خطوط اور پروٹوکول پر عمل پیرا رہنے اور وفود کا تین ارکان پر مشتمل ہونے کی درخواست کی گئی ہے ۔
منشیات سمگلر پر سیفٹی ایکٹ عائد | کورٹ بلوال جیل جموںمنتقل
سرینگر //پولیس نے سرینگر میں نشیلی ادویات فروخت کرنے والے ڈرگ سمگلرکو گرفتار کرکے پی ایس اے عائد کردیا ہے۔اس سے قبل سرینگر میں پولیس نے غلام رسول وانی عرف راجہ پُج کو گرفتار کیا اور اسکے قبضہ سے نشیلی ادویات کی ایک بڑی مقدار ضبط کی ہے۔ پولیس بیان کے مطابق گرفتاشدہ سمگلرکے خلاف کیس درج کرکے اس کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کرکے کوٹ بلوال جیل جموں بھیج دیا ہے۔ لوگوں سے گزارش کی جاتی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشیلی ادویات فروخت کرنے والوں کی جانکاری دے کر سماج کو بری لت سے پاک کرنے میں مدد دے۔پولیس کا کہنا ہے کہ نشیلی ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف کاروائی کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
ملک صاحب نوہٹہ میں صارفین کا اظہار برہمی | محکمہ بجلی پر ازخود فیس میں اضافہ کا الزام
نیوز ڈیسک
سرینگر//ملک صاحب نوہٹہ میںمیں صارفین نے محکمہ بجلی پر بلوںمیں از خود اضافہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ ملک صاحب نوہٹہ کے لوگوں کاکہنا ہے کہ علاقہ میں اکثر وبیشتر بجلی کی عدم دستیابی رہتی ہے اور شیڈول کے مطابق بھی برقی رو فراہم نہیں کی جارہی ہے۔ صارفین کاکہنا ہے کہ علاقہ میں رہنے والے بیشتر لوگ محنت مزدوری کرتے ہیںاور پچھلے ایک سال سے کورونا لاک ڈائون کی وجہ سے اقصادی طور پر لوگ متاثر ہوئے ہیں ۔صارفین نے کہاکہ ’’ کورونا وائرس کی وجہ سے نہ صرف روزانہ کام میں کمی آئی ہے بلکہ سردی کے ایام میں کام ملنا بھی مشکل ہوجاتا ہے ‘‘۔ایک نوجوان آزاد احمد کاکہنا ہے کہ مقامی سطح پر مبینہ طورپر محکمہ بجلی کے افسران نے ازخود بجلی کی بلوں میں200سے 300روپے کا اضافہ کیا ہے اور مقامی لوگوں نے محکمہ بجلی کے افسران سے اس حوالے بات بھی کی ہے لیکن محکمہ بجلی کے افسران لوگوں کی بات سنیں کو تیارہی نہیں ہے۔
دسمبر میں فوتیدہ ادبی شخصیات پر تقریب کااہتمام ہوگا | کشمیر بُک پرموشن ٹرسٹ کاڈاکٹر جوہر قدوسی سے اظہار تعزیت
سرینگر//گزشتہ چند برسوں کے دوران دسمبر میں فوت ہوئی ادبی شخصیات کی یادمیں کشمیربُک پرموشن ٹرسٹ بہت جلد تقریب کااہتمام کررہی ہے۔کشمیر بُک پرموشن ٹرسٹ کی ایک نشست منعقد ہوئی جس میں معروف سماجی کارکن اور بزرگ تاجر رہنما حاجی بہاو الدین زرگر اور سرکردہ صحافی،ماہر تعلیم، اردو زبان کے محب اور الحیات گروپ کے سربراہ ڈاکٹر جوہر قدوسی اور عبدالغنی بٹ کی والدہ ماجدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار گیا۔ ٹرسٹ کی ایک نشست میں مرحوم بہاوالدین زرگر کی سماجی اور تاجر برادری کے تئیں خدمات کو یاد کیا گیا اور خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ نشست میں ڈاکٹر جوہر قدوسی اور عبدالغنی کے علاوہ خاندان کے جملہ افراد خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے مرحومین کی جنت نشینی کی دعا کی گئی ۔کشمیر بک پرموشن ٹرسٹ کی طرف سے گذشتہ چند برسوں کے دوراں دسمبر میں رحمتِ حق ہوئے جموں کشمیر کے سرکرد ہ ادیبوں، قلمکاروں اور شاعروں جن میں حامدی کاشمیری، حکیم منظور، عمرمجید، ڈاکٹر فریدپربتی ، غلام نبی فراق،علی محمد لون، حنیف ترین ،پیر شمس الدین حیرت،محمد امین اندرابی، محی الدین شاہ،بشیر اختر، غلام نبی ناظر،شفیع شیدا، سجاد حسین ،عباس تابش،گلزار حضرتبلی،محمد احمد اندرابی اوردیگرفوت شدہ شخصیات شامل ہیں ،کو خراجِ عقیدت کے ساتھ ان کی زندگی اور ادبی و علمی کارناموں پر ماہرین روشنی ڈالی گئی۔ بُک پرموشن ٹرسٹ ان شخصیات کی یادمیںعنقریب ایک تقریب کا اہتمام کر رہا ہے تاکہ نوجوان نسل کو اپنے اسلاف اور ان کے کارناموں سے روشناس کرایا جا سکے ۔ تقریب کی تاریخ اور جگہ کا اعلان جلد ہی کیا جائے گا۔