رام بن میں بارہ روہنگیائی شہری
حراست میں لینے کے بعد ہیرا نگر جیل منتقل
محمد تسکین
بانہال//جموں و کشمیر پولیس نے گزشتہ روز جموں و کشمیر کے ضلع رام بن میں 12روہنگیا مسلمانوں کو حراست میں لیا ہے۔حکام نے بتایا کہ وہ ایک تبلیغی گروپ کے حصہ کے طور پر تحصیل گول کے گائوں ڈار محلہ سنگلدان پہنچے تھے جہاں انہیں حراست میں لیکر ان کیلئے قائم ہیرا نگر جیل کے حراستی مرکز میں پہنچایا گیا انہوں نے کہا کہ 12ارکان کو کٹھوعہ ضلع کے ہیرا نگر علاقے میں جیل بھیج دیا گیا، جہاں زیادہ تر روہنگیا مسلمان، جو غیر قانونی طور پر جموں و کشمیر میں داخل ہوئے تھے ، یہیں مقیم ہیں۔پولیس نے ان کی شناخت امیر حکم، جعفر عالم، محمد نور، ابوالحسن، محمد عالم، نور امین، نور حسین، سعید حسین، محمد سلیم، محمد اسماعیل، کمال حسین اور مصطفی حسین کے طور پر کی ہے۔اطلاعات کے مطابق وہ ا?ٹھ سال سے جموں کے بھٹنڈی اور نروال میں پناہ گزینوں کے طور پر رہ رہے تھے۔
میدان چوگان میں صفائی مہم کا انعقاد
عاصف بٹ
کشتواڑ// ضلع پولیس کشتواڑ نے کشتواڑ ڈیو لپمنٹ اتھارٹی و کشتواڑ میونسپل کمیٹی کے تعاون سے ملک گیر ازادی کا امرت مہوتسو کے حصہ کے طور پر چوگان گراؤنڈ کشتواڑ میں صفائی مہم کا انعقاد کیا۔ایس ایس پی کشتواڑ شفقت حسین بٹ نے کارروائی شروع کی اور اس مہم میں ایس ڈی پی او اٹھولی، ڈی ایس پی ڈار، ایس ایچ او پی ایس کشتواڑ، آئی سی ایس او جی کیمپ کلید، چیئرمین میونسپل کمیٹی اور دیگر افسران کے ساتھ جوانوں، کے ڈی اے میونسپلٹی کے ملازمین اور این جی اوز نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایس پی پی کشتواڑ نے عوام سے چوگان گراؤنڈ کی صفائی ستھرائی کی اپیل کی کیونکہ یہ کشتواڑ قصبے کا قدرتی ورثہ ہے جہاں لوگ کھیل کود و ثقافتی سرگرمیوں کے لیے آتے ہیں۔
چھاترو مبینہ حراستی موت معاملہ کی سماعت
عاصف بٹ
کشتواڑ//چھاترو علاقہ میں گزشتہ ماہ پولیس کی تحویل میں مقامی شخص کی موت پر سماعت ہوئی جس دوران سیشن جج کشتواڑ وائی پی کوتوال نے ڈی ایم، ایس ایس پی اور ایس ایچ او کی جانب سے ایک پرائیویٹ وکیل کے ذریعے بار ایسوسی ایشن کشتواڑ کی طرف سے دائر کی گئی درخواست میں جوڈیشل انکوائری کی درخواست سے انکار کر دیا ہے۔ 6 مارچ کو پولیس لاک اپ میں قید عبداللطیف کی موت ہوگئی۔ عدالت نے آئندہ سماعت کی تاریخ پر متعلقہ ڈی ایم، ایس ایس پی اور ایس ایچ او کو ذاتی طور پر پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ایڈوکیٹ آئی اے حمال صدر بار ایسوسی ایشن کشتواڑ نے عدالت کے سامنے اس معاملے میں دلائل دیے۔ دلائل کے دوران انہوں نے سپریم کورٹ کے متعدد فیصلوں پر انحصار کیا جن میں ڈی کے باسو بمقابلہ ریاست مغربی بنگال نیز حراستی موت سے متعلق نیشنل ہیومن رایٹس کونسل کے رہنما خطوط۔ تمام جواب دہندگان کی ذاتی پیشی اور درخواست میں ان کے جواب کے لیے معاملہ پیر یعنی 4اپریل تک ملتوی کر دیا گیا۔
کشتواڑ ہسپتال میںعطیہ کردہ ایمبولینس جھنڈی دکھا کرروانہ
کشتواڑ//عاصف بٹ//ڈی سی نے ضلع ہسپتال کشتواڑ میں عطیہ کردہ ایمبولینس کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کرکے ہسپتال میں پندرہ روزہ سوچھتا پکھواڑہ کا بھی آغازکیا۔ڈپٹی کمشنر کشتواڑ اشوک کمار شرما نے ضلع اسپتال کشتواڑ ڈی ڈی سی ممبر کشتواڑ کی جانب سے عطیہ کی گئی ایمبولینس کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس موقعہ پر چیف میڈیکل افسر کشتواڑ ریوندر منہاس ، میڈیکل سپرانٹنڈٹ ڈاکٹر پرویز اقبال وانی کے علاوہ طبی برادری کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔نئی ایمبولینس کو ذاکر حسین بٹ، ممبر ڈی ڈی سی کشتواڑ نے عطیہ کیا ہے اور کشتواڑ کے عوام کے لیے وقف کیا۔اس موقعہ پر ہسپتال میں پندرہ روزہ صفائی مہم بھی شروع کی گئی۔
کشتواڑ میں بھاجپا کا احتجاج
کشتواڑ// عاصف بٹ //کلید چوک میں شہیدوں کے بنائے گئے سمارگ کو توڑنے کے خلاف بی جے پی نے زبر دست احتجاج کیا اور کئی گھنٹوں تک سڑک کو بند کردیا جسکے بعد ضلع ترقیاتی کمشنر کی یقین دہانی کے بعد احتجاج ختم کردیا گیا۔ اس موقعہ پر بات کرتے ہوئے بی جے پی کے سینئر لیڈر نے کہا کہ ڈی کشتواڑ اپنی من مرضی کرتے ہیں اور مشین لگا کر اسے توڑ دیا گیا جو سمارگ سی ڈی ایف کے پیسے سے بنایا گیا تھا۔انہوںنے کہا کہ یہ شہیدوں کااپمان کیا گیا جو ہم برداشت نہیں کریں گے۔
ٹپر کی زد میں آنے سے ایک شخص لقمہ اجل
محمد تسکین
بانہال// جموں سرینگر شاہراہ پر واقع رامسو کے گانگرو علاقے میں ایک ٹپر کی زد میں آنے سے ایک مقامی ورکر کی موت واقع ہوئی ہے۔ مرنے والے شخص کی شناخت منگت اللہ ولد غلام محمد ساکنہ گانگرو رامسو کے طور کی گئی ہے۔ پولیس زرائع بتایا کہ فورلین شاہراہ کی تعمیر کیلئے ہندوستان کنسٹرکشن کمپنی کی طرف سے قائم۔سٹون کریشر کا ایک ٹپر کی زد۔میں آنے سے وہاں کام کرے والا ایک ورکر موقع پر ہی لقمہ اجل بنا۔ انہوں نے کہا کہ قانونی لوازمات کے بعد میت کو ورثا کے سپرد کیا گیا اور رامسو پولیس نے ضابطے کے تحت ایک کیس درج کرکے مذید تحقیقات شروع کردی ہے۔
منشیات فروش بھدرواہ میں جیل منتقل کیاگیا
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //منشیات فروشوں پر شکنجہ کسنے کی اپنی مہم کو جاری رکھتے ہوئے ڈوڈہ پولیس نے بھدرواہ میں ایک بدنام منشیات فروش کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے اور اسے احتیاطی حراست کے طور پر ڈسٹرکٹ جیل بھدرواہ میں بند کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پولیس نے بتایا کہ پولیس سٹیشن بھدرواہ میں ذیشان ولد اعجاز اقبال ساکنہ چکہ نامی ایک شخص کے منشیات فروشی میں ملوث ہونے کے حوالے سے متعدد شکایات موصول ہو رہی تھی جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے منشیات کی اسمگلنگ میں اس کے ملوث ہونے کی ایک تفصیلی رپورٹ تیار کی اور انسپکٹر جتندر سنگھ رکھوال کی قیادت میں پولیس اسٹیشن کی ایک ٹیم نے پی ایس آئی بھوپندر شرما کی مدد سے مذکورہ شخص کو گرفتار کیا اور اسے ایگزیکٹو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا. جہاں سے اسے احتیاطی حراست میں ڈسٹرکٹ جیل بھدرواہ بھیج دیا گیا۔واضح رہے کہ ڈوڈہ پولیس عوام سے بار بار اپیل کر رہی ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون اور مدد کریں تاکہ منشیات کی اسمگلنگ، غیر قانونی شراب کی تیاری/فروخت اور دیگر جرائم سے متعلق سرگرمیوں کو سماج سے جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے اور جرائم سے پاک ماحول قائم کیا جاسکے۔
رام بن ڈسٹرکٹ فینسنگ ٹیم کا شاندارکارکردگی کامظاہرہ
صلاحیتوں سے مالامال ضلع رام بن کے نوجوان عدم توجہی کے شکار
رام بن //رام بن ڈسٹرکٹ فینسنگ ٹیم نے 30اور 31مارچ 2022کو اندور ہال ایم اے اسٹیڈیم جموں میں جے اینڈ کے ایمیچر فینسنگ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ یو ٹی فینسنگ چمپئن شپ میں حصہ لیا، جس میںجموں کشمیر یوٹی کے کل 12 اضلاع نے حصہ لیا۔ ضلع رام بن سے تعلق رکھنے والے سعید الرحمن نے چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا، اسی طرح سے راشد نصیر بالی اورعرفان مشتاق نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے کانسے کا تمغوں پر اپنا قبضہ جمالیا۔جبکہ ضلع رام بن سے سینئر ٹیم کے طور چمپئن شپ میں حصہ لینے والے سفیان وحید سہیل، مسعود احمد،عرفان مشتاق بالی اورمہجور احمد نے اپنی بہترین کارکردگی کی بنیاد پر کانسے کے تمغوں کو اپنے نام کر دیا۔واضح رہیڈسٹرکٹ فینسنگ ٹیم رام بن نے یوٹی سطح کی چمپئن شپ میں حصہ لیا اورتین انفرادی تمغے اور ایک ٹیم میڈل جیتاکریہ ثابت کر دیا کہ ضلع رام بن کے نونہالوں میں بے تحاشہ ہنر ہے لیکن حکام کی عدم توجہی کے باعث کھیل کود کا شوق و ذوق رکھنے والے نوجوان اپنی ہنرمندی کا مظاہرہ کرنے سے قاصر رہ جاتے ہیں۔قابلِ ذکر ہے کہ ایک طرف سے جہاں باقی تمام اضلاع سے چمپئن شپ میں حصہ لینے والے بچوں کو اْن کے ضلع سطحی یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کی جانب سے مکمل سہولیات اور تعاون دیا گیا تھا وہیں دوسری جانب ضلع رام بن کے بچوں کو نا ہی متعلقہ محکمہ اور نہ ہی ضلع انتظامیہ کی جانب سے کسی قسم کا تعاون یا سہولیت دی گئی تھی۔ رام بن سے تعلق رکھنے والے کئی معزز شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی افسوس ناک ہے کہ ہنرمند بچوں کی حوصلہ افزائی کرنے کے بجائے اْن کی حوصلہ شکنی کی جا رہی ہے۔ معززین کا کہنا تھا کہ ایک محکمہ ہی مکمل طور سے مفت کی تنخواہیں ہڑپ رہا ہے جبکہ محکمہ متعلقہ کو اپنی ذمہ داری کا ذرا برابر بھی احساس نہیں کہ وہ ضلع سطح پر کھیل کود میں طبع ا?زمائی کرنے والے ہنر مند بچوں کی حوصلہ افزائی کرے اور اْن کے ہنر کو نکھارنے میں اپنا رول نبھائے لیکن بدقسمتی سے ضلع رام بن کا یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس غفلت کی نیند سویا ہوا ہے اور بے شمار ہنرمند بچے کارکردگی دکھانے سے قاصر رہ جاتے ہیں۔مقامی ا?بادی نے محکمہ متعلقہ کی اِس انتہا درجے کی غفلت اور مفت خوری پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے ملازمین پر شکنجہ کسا جائے جو مفت کی تنخواہیں ہضم کررہے ہیں اور سرکاری خزانے پر بوجھ بنے ہوئے ہیں۔
ینگ سٹار کرکٹ کلب ڈوڈہ کا وفد سہیل کاظمی سے ملاقی
وقف بورڈ میں بہتری لانے و کھیل کود کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ینگ سٹار کرکٹ کلب ڈوڈہ نے وقف بورڈ کا ممبر نامزد کرنے پر سہیل کاظمی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے چناب ویلی میں وقف بورڈ کو بہتر و مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔وائی سی سی کے سرپرست منظور احمد بٹ، چئیرمین نصیر احمد کھوڑا و جنرل سیکرٹری احتشام حسین بٹ نے کاظمی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کھیل کود کو فروغ دینے و وقف بورڈ میں بہتری لانے پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے ینگ سٹار کرکٹ کلب کی خدمات کو بھی اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے اٹھارہ برسوں سے خطہ میں کھیل کود کو بڑھاوا دینے پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے سہیل کاظمی کو خطہ کا دورہ کرنے کا بھی مشورہ دیا۔کاظمی نے ینگ سٹار کرکٹ کلب ڈوڈہ کے اراکین کا حوصلہ افزائی کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ان کے جائز مطالبات کو ترجیح بنیادوں حل کیا جائے گا۔
رینج آفیسر سیف الدین منہاس کی سبکدوشی پرالوداعی تقریب منعقد
محمد تسکین
بانہال// جموں کشمیر فارسٹ ڈیولیمنٹ کارپوریشن میں 39 سال تک اپنی خدمات انجام دینے کے بعد رینج افسر رام بن سیف الدین منہاس اپنے عہدے سے سبکدوش ہوگئے ہیں اور اس سلسلے میں ان کے اعزاز میں فارسٹ ڈویژن رام بن اور ناچلانہ میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا اور رینج آفیسر سیف الدین منہاس کو والہانہ انداز میں ناچلانہ میں ان کے گھر تک رخصت کیا گیا۔تحصیل کھڑی کے ناچلانہ علاقہ سے تعلق رکھنے والے سیف الدین منہاس محکمہ جموں کشمیر فارسٹ ڈیولیمنٹ کارپوریشن میں 39 سال تک اپنی نوکری فرائض دیانت داری اور خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دیتے رہے اور مختلف عہدوں پر خوش اسلوبی سے اپنا فرض انجام دینے کے بعد وہ سبکدوشی کو پہنچے۔ منہاس نے محکمہ میں 1980عیسوی میں تعینات ہوئے تھے اور اپنی قابلیت اور ایمانداری سے محکمہ کے مفاد کو ہر محاذ پر ترجیح دی۔ سیف الدین منہاس صحافی قمر الدین منہاس کے والد محترم ہیں۔ ان کی سبکدوشی پر ایس ایف سی ڈویژن رام بن کے ڈی ایف او کے علاوہ رینج افسران اور محکمہ کے دیگر ملازمین کے علاوہ منہاس کے چھوٹے بھائی اور سینئر سیاسی و سماجی کارکن عبدالرشید منہاس بھی موجود تھے۔ اس موقع پر مقررین نے منہاس کی کمی محکمہ کو محسوس ہوتی رہے گی کیونکہ وہ اپنے کام اور محکمہ کے تئیں نہایت ہی وفادار اور سینئر ترین افسر تھے۔ان کی سبکدوشی پر جمعرات کو سیف الدین منہاس کے گھر ناچلانہ میں ایک استقبالیہ پروگرام کا انعقاد کیاگیاجس میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور موصوف کو پیسے اور پھولوں کے ہار پہنائے اور تحائف دیئے۔
ڈائٹ بانہال میں سبکدوش دوساتھیوں کے اعزاز میں الوداعی تقریب
محمد تسکین
بانہال // ڈائٹ بانہال نے ایچ او ڈی ڈاکٹر ومل دھر اورسینئر لیکچرا ر نصرت شاہین کے اعزاز میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا اور سبکدوش ہونے والے آفیسران کی اعزازی طور شال پوشی کی گئی۔ ڈائٹ فیکلٹی نے دونوں آفیسران کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کی سراہنا کی۔ پرنسپل ڈائٹ بانہال خلیل احمد گنائی نے دونوں آفیسران کو عزت و وقار سے سبکدوش ہونے پر ہدیہ تہنیت وتبریک پیش کی اور ان کی خدمات کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ فرض منصبی سے سبکدوش ہونا ایک حوصلہ افزاء بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماج اور محکمہ کو زندگی کا بیشتر وقت دینے کے بعد سبکدوشی سروسز اوب زندگی کا ایک اہم پڑاؤ ہے جس کے بعد انسان اپنی باقی ماندہ زندگی سماجی کاموں میں گزار سکتا ہے۔اس لیے ہر کسی کو اس موقع پر شکر وقناعت کرنی چاہیے اور سبکدوشی کو ایک اعزاز سمجھ کر محکمہ کو خیر باد کہنا چاہیے۔کیونکہ باعزت طریقے سے سبکدوش ہونا اپنے آپ میں ایک اعزاز ہے۔ ڈائٹ پرنسپل خلیل احمد گنائی نے اپنے ایک پیغام میں لیکچرار نظیر احمد ایتو کو ان کی سبکدوشی پر مبارکباد پیش کی اور نیک دعاؤں اور خواہشات کا اظہار کیا۔بعد میں ڈائٹ بانہال کے تمام رفقاء اور عملے کے ارکان نصرت شاہین کے گھر تک رخصت کر آئے۔
پونچھ حادثے میں انسانوں جانون کے زیاں پر نیشنل کانفرنس رنجیدہ
سرینگر//صدرِ جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے خطہ پیرپنچال کے ضلع پونچھ میں ایک المناک سڑک حادثے میں 9افراد کے لقمہ اجل بن جانے پر گہرے رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے لواحقین کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیاہے۔ انہوں نے مرحومین کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ پارٹی جنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر، صوبائی صدر جموں ایڈوکیٹ رتن لعل گپتا، زون صدر جاوید رانا اور صوبائی یوتھ صدر جموں اعجاز جان نے بھی انسانی جانوں کے زیاں پر دکھ اور رنج و الم کا اظہار کیاہے۔ پارٹی لیڈران نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ لقمہ اجل بنے افراد کے لواحقین میں بھر پور ایکس گریشیا اور زخمی افراد کو بہتر علاج و معالجہ فراہم کیا جائے۔ پارٹی کے صوبائی یوتھ صدر (جموں) اور انچارج کانسچونسی پونچھ اعجاز جان ، ضلع صدر پونچھ باغ حسین راٹھور، ڈی ڈی سی ممبران اور دیگر مقامی عہدیداران و کارکنان نے مرحومین کے نمازِ جنازہ میں شرکت کی اور پسماندگان کی ڈھارس بندھائی۔
مؤمن آباد کھڑی میں اصلاحی مجلس برائے خواتین اختتام پذیر
بانہال//31مارچ 2022کوتحصیل کھڑی کے معروف دینی ادارہ جامعہ خدیجتہ الکبری للبنات میں ایک روح پرور اصلاحی مجلس برائے خواتین بحسن خوبی اختتام پذیر ہوئی جس میں ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس مجلس میں جامعہ کی طالبات نے تلاوت، حمد ،نعت اور مختلف موضوعات پر لب کشائی کرتے ہوئے اپنے امت مسلمہ ہونے کا بہترین ثبوت پیش کیا۔جس سے آج کے اس پر فتن دور میں بھی ام المؤمنین اماں خدیجہ، اماں عائشہ اور حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہن کی یاد تازہ ہوئی۔صدارتی خطبہ اور دعا امام جامع مرکزی جامع مسجد کھڑی حضرت مولانا عبد القادر القاسمی نے انجام دیا۔مولانا نے صحابیات اور تاریخ اسلام کی مایاناز خواتین کے روح پرور واقعات کی روشنی میں وعظ و تلقین فرمائی۔جامعہ کے مہتمم قاری فیاض احمد اشرفی نے آخر میں تمام مہمانان کرام،معلمات، عالمات، طالبات، اور اس کار خیر میں تمام معاونین کا شکریہ ادا کیاجنہوں نے تن من دھن سے اس مجلس کو کامیاب بنانے میں جامعہ کا تعاون کیا۔