کشتواڑ سانحہ
۔ 11ویں روز بھی لاپتہ افراد کی تلاش جاری
عاصف بٹ
کشتواڑ //ضلع کشتواڑ کی تحصیل دچھن کے علاقہ ہونزڈ میں گذشتہ ماہ کی 27تاریخ کو پیش آئے درد ناک سانحہ میں ہنوز لاپتہ 19افراد کی تلاش سنیچر کو 11 ویں روز بھی جاری رہی تاہم اس تلاشی کارروائی میں جٹی ٹیموں کو کوئی بھی کامیابی نہیں ملی ۔ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بچاﺅ کارروائی میں لگی پولیس ، فوج ، این ڈی آر ایف ،ایس ڈی آر ایف کی ٹیموں نے سنیچر کو مختلف مقامات پر تلاشی کارروائی جاری رکھی تاکہ ملبے کے نیچے سے کچھ نکل سکے لیکن ہزاروں ٹن ملبے کو اٹھانے کےلئے ان کے پاس سازسامان دستیاب نہیں ہے کیونکہ گینتی و بیلچے سے ملبے کو ہٹانا کافی مشکل ہے۔معلوم رہے کہ 19افراد ابھی بھی متاثرہ گاﺅں میں لاپتہ ہیں اور ان کی تلاش کےلئے انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔
حالیہ بارشوں سے فصلوں کو نقصان
تخمینہ لگا کر متاثرین کو معاوضہ فراہم کرنے کا مطالبہ
زاہد ملک
ریاسی //حالیہ بارشوں سے ریاسی ضلع کے بالائی علاقوں میں کافی نقصان پہنچا ہے۔واضح رہے کہ ریاسی ضلع کے درماڑی ،مہور،چسانہ اور گلابگڑھ کے دور دراز علاقہ جات میں کئی ایک رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے اور فصلیں بھی تباہ ہوگئیں ہیں۔دور دراز دیہات کے کئی ایک زمینداروں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ان کی فصلوں کو کافی نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے وہ کافی پریشان ہیں۔انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں سے ان کی فصلیں مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے ۔ لوگوں نے کہا کہ وہ کسان ہیں اور فصلوں پر ہی اپنا گزارا کرتے ہیں لیکن گزشتہ بارشوں نے ان کی اُمیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔اس کے علاوہ کئی ایک لوگوں نے بتایا کہ ان کے رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ غریب ہیں ان کو دوسرے مکانات تعمیر کرنا ممکن نہیں ہیں۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ علاقہ میں ایک ٹیم روانہ کی جائے اور لوگوں کے نقصان کا تخمینہ لگا کر لوگوں کو معاوضہ فراہم کیا جائے۔
صحت مراکز پر ڈاکٹر تعینات کئے جائیں :چوہدری یاسر
کٹھوعہ //اپنی پارٹی لیڈر چوہدری یاسر نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ ضلع کٹھوعہ کے بنجال بٹوال علاقہ کے لوگوں کے مطالبات کو تسلیم کر لیاجائے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ عرصہ دراز سے لوگ سرلہ سب سینٹراور بنجل بٹوال سب سینٹر میں سٹاف اور ڈاکٹروں کی تعیناتی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بنجل بٹوال میں تعینات ڈاکٹرز مبینہ طور پی ایچ سی میں حاضر نہیں ہورہے جس وجہ سے لوگوں کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا ہے۔ بنجل بٹوال پی ایچ سی کے باہر گاو¿ں والوں اور مریضوں نے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا لیکن پھر بھی انتظامیہ ٹس سے مس نہیں۔ انہوں نے حکومت سے مانگ کی ہے کہ ڈاکٹروں کی عدم فرض شناسی کی اعلیٰ سطحی انکوائری کرائی جائے اور بلاتاخیر عملہ کی حاضری یقینی بنائی جائے۔
اپنی پارٹی نے ضلع کمیٹی کشتواڑ تشکیل دی
جموں//اپنی پارٹی نے ضلع کمیٹی کشتواڑ تشکیل دی ہے۔کمیٹی کے عہدیداران کی تقرریوں کی سفارش پارٹی صوبائی صدر منجیت سنگھ نے ضلع صدر کشتواڑ مہندر سنگھ پریہار کی مرضی سے کی تھیں ، جس کو اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے منظوری دی۔ فاروق احمد صدیقی کو ضلع کارڈی نیٹر، وسیم احمد مکر کو سنیئر نائب صدر، جعفر حسین بابزادہ ، محمد علی چوہدری ، عبدالطیف چوہدری، غلام محمد بٹ، فاروق احمد کریپاک کو ضلع نائب صدور، مشود احمد متو ، رمن شان اور عبدالغنی شان کو جنرل سیکریٹری جبکہ محمد اشرف میر، محمد ایاز حمال ، شبیر احمد ملک اور اختر حسین کو سیکریٹری بنایاگیاہے۔
ایس ڈی ایم کی صدارت میں سنگل دان میں میٹنگ
زاہد بشیر
گول //گول انتظامیہ نے بھی ہر پنچایت میں رضا کار یونٹوں کا قیام عمل میںلایا ہے جہاں پر پڑھے لکھے نوجوانوں کو رضا کارانہ طو رپر عوامی فلاح و بہبود کے لئے ان یونٹوں میں حصہ لینے کو کہا گیا ۔ ایس ڈی ایم غیاث الحق کی صدارت میں ایک میٹنگ سنیچر کو سنگل دان میں منعقد ہوئی جس میں بلاک سنگلدان کے تمام پنچایتوں کے رضا کاروں اور پڑھے لکھے نوجوانوں نے حصہ لیا۔ اور عوامی فلاح و بہبو دکےلئے کام کرنے کی حامی بھر ی ۔ اس موقعہ پر ایس ڈی ایم نے پنچایتوں کےلئے رضا کار یونٹوں کا قیام عمل میں لانے کےلئے دلچسپی رکھنے والے نوجوانوں کو جلد از جلد کاغذات جمع کرنے کو کہا ۔ ایس ڈی ایم نے کہا کہ بناءکسی لالچ کے عوام کی فلاح و بہبود کےلئے کام کرنا بھی سب سے بڑی عبادت ہے اور ان نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ بناءکسی لالچ کے کام کریں تا کہ سرکار اسکیموں کا غریب لوگوں تک بھر پور فائدہ پہنچ سکے اور ان نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ ہر اسکیم کا غریبوں کو فائدہ پہنچائے اور اگر کسی بھی وقت ناگہانی آفات جےسے شدید بارشوں سے نقصان یا دوسری قسم کی آفات کا سامنا ہو اُس وقت ان نوجوانوں کو عوام کی خدمت کے لئے آگے آنا چاہئے ۔
گول پولیس کی کارروائی
دومفرور ملزمان اننت ناگ سے گرفتار
زاہد بشیر
گول //گول پولیس نے سنیچر کو اننت ناگ پولیس کی مدد سے دو مفرور افراد کی گرفتاری عمل میں لائی ہے ۔ ان ملزمان کے خلاف پولیس اسٹیشن گول میں ایک کیس زیر نمبر FIR NO 26/2021 U/S 363,343,376 IPC 3/4/16/17 POCSO درج کیا گیا تھا ۔بتایا جاتا ہے کہ جاوید احمد وگے ولد گل محمد وگے اور محمد یوسف وگے ولد ثنا وگے ساکنان لارکی پورہ اننت ناگ جن کے خلاف پولیس اسٹیشن گول میں کیس درج تھا اور پولیس سے ہمیشہ بچتے رہے اور بالآخر سنیچر کو اننت ناگ پولیس اور گول پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران یہ دونوں مفرور ملزمان کو گرفتار کیاگیا ۔ دونوں ملزمان کو رام بن عدالت میں پیش کیاگیا جہاں سے انہیں ڈسٹرکٹ جیل ادھمپور کی تحویل میں بھیج دیا گیا ۔ اس پوری کارروائی کی سربراہی ایس ایچ او گول انسپکٹر منیر احمد اور ایس ڈی پی او گول پردیپ کمار کی نگرائی میں ہورہی تھی ۔