ایس ایس پی پونچھ نے منڈی میں اجلاس منعقد کیا
عشرت حسین بٹ
منڈی//ایس ایس پی پونچھ روہیت بسکوترا نے ڈاک بنگلہ منڈی میں ایک اجلاس منعقد کیا جس میں تحصیل منڈی کی متعدد پنچایتوں کے سرپنچوں، پنچو، منڈی کے متعدد ذی شعوروں کے علاوہ بی ڈی سی منڈی شمیم احمد گنائی نے بھی شرکت کی۔اس دوران معززین نے کہاکہ پولیس اور عوام کے درمیان اس دور میں بہتر تال میل ہونا لازمی ہے تاکہ سماج میں متعدد قسم کے مسائل کا حل افہام و تفہیم سے کیا جاسکے ۔مقررین نے کہا کہ پولیس عوام کی حفاظت کیلئے ہے جو اپنا کردار سماج میں بہتر ڈھنگ سے نبھا رہی ہے ۔مقررین کا کہنا تھا کہ منڈی تحصیل میں رہنے والی عوام ہمیشہ قانون کی بالادستی کو رکھنے میں اپنا اہم کردار ادا کرتی آئی ہے اور آنے والے وقت میں بھی یہ سلسلہ کو بحال رکھا جائے گا ۔بی ڈی سی منڈی نے کہا کہ سماج میں آئے روز متعدد قسم کے معاملات سامنے آتے ہیں اور حساس معاملات کو چھوڑ کر باقی معاملات کو پولیس اور عوام اور پنچایتی نمائیدگان کی سربراہی میں حل کرنے کی کوشش ہونی چاہیے ۔ان کا کہنا تھا کہ سماج میں اپنی زندگی بسر کر رہے متعدد نوجوان منشیات کے عادی ہوئے ہیں اگر چہ پولیس ان لوگوں پر کارروائی کر رہی ہے مگر منشیات کا دھندا چلانے والے لوگوں کے ساتھ سختی سے نپٹا جائے تاکہ سماج سے اس لت کو ختم کر کے نوجوان نسل کو بچایا جا سکے۔ایس ایس پی پونچھ روہیت بسکوترا نے اس موقہ پر تمام شرکاء اجلاس کو یقین دہانی کروائی کہ پولیس ہمیشہ عوام کے ساتھ شانہ بہ شانہ چلنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ذمہ دار پولیس آفیسران کو ہدایت جاری کی گئی ہیں کہ عوامی معاملات عوام کیساتھ مل کرحل کئے جائیں ۔انہوں نے والدین سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سماجی برائیوں کو ختم کرنے کیلئے انتظامیہ کیساتھ تعاون کیا جائے ۔
بہار کے شہری کی لاش برآمد
سمت بھارگو
راجوری//ریاست بہار سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کی راجوری میں پراسرار حالت میں موت ہو گئی جس کے بعد سیوٹ گاؤں میں ایک درخت کے ساتھ لٹکی ہوئی اس کی لاش برآمد کرکے معاملہ درج کرلیا گیا ہے ۔مرنے والے کی شناخت شوبھ لال ولد کپل دیو ساہنی سکنہ بہار کے طور پر ہوئی ہے اور وہ اس وقت تحصیل سیوٹ کے گاؤں سیوٹ میں سیول ہسپتال کے قریب مقیم تھا۔پولیس نے بتایا کہ بدھ کی صبح اس شخص کی لاش علاقے میں ایک درخت کے ساتھ لٹکی ہوئی ملی جس کے بعد پولیس ٹیم نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور لاش کو اپنے قبضے میں لے لیا۔انہوں نے بتایا کہ علاقے کے سول ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کرایا گیا اور معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
نوجوانوں کیلئے کارپینٹری ٹریننگ سینٹر قائم
راجوری//راجوری میں نوجوانوں کو روز گار فراہم کرنے کیساتھ ساتھ لکڑی کے کام کء ہنر کو برقرار رکھنے کیلئے فوج کی جانب سے آپریشن سدبھاونا کے تحت کارپینٹری ٹریننگ ورکشاپ قائم کی ہے جسے شہید نائک گروچرن سنگھ، سینا میڈل کے نام سے منسوب کیا گیا ہے ۔اس ورکشاپ کے تحت پہلی کھیپ 14 فروری کو شروع کی گئی جو جاری ہے جس میں ضلع کے متعدد علاقوں کے نوجوانوں کو تر بیت فراہم کی جارہی ہے ۔بدھ کو سپیڈس ڈویژن کے جنرل آفیسر ان کمانڈنگ ایس، میجر جنرل راجیو پوری نے سنٹر کا افتتاح کیا اور وہاں تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں سے بات چیت کی۔اس موقع پر ایس ایس پی راجوری محمد اسلم، ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری، پون کمار پریہار، بھمبر گلی بریگیڈ کمانڈر، گمبھیر بٹالین کمانڈنگ آفیسر، سرپنچ بھی موجود تھے۔تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے سپیڈس ڈویژن کے جنرل آفیسر کمانڈنگ ایس، میجر جنرل راجیو پوری نے مستفید نوجوانوں سے کہا کہ وہ ہنر مندی کی ترقی کے اس طرح کے پروگراموں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ فوج نوجوانوں کو ہنر مندی کے مواقع فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور آنے والے دنوں میں ایسے مزید اقدامات کئے جائیں گے۔
نئی زونل ایجوکیشن آفیسر کاشاندار استقبال
پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل ہیڈ کوارٹر منجا کوٹ میں قائم کردہ زونل ایجوکیشن آفیسر کے دفتر میں ایک تقریب کے دوران منجا کوٹ ایجوکیشن زون کیلئے تعینات ہوئی نئی زونل ایجوکیشن آفیسر سدیش کماری کا شاندار استقبال کیا گیا ۔اس موقعہ پر ٹیچروں و دیگر سٹاف ممبران بھی بڑی تعداد میں موجود تھے ۔غور طلب ہے کہ موصوفہ کی حال کی ہیں منجا کوٹ میں بطور زونل ایجوکیشن آفیسر تعیناتی ہوئی ہے ۔منجا کوٹ کی سیول سوسائٹی نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ موصوفہ کی منجا کوٹ تعیناتی کے بعد سکولوں میں تعلیمی نظام بہتر بنایا جائے گا ۔سابقہ زونل ایجوکیشن کی ترقی کے بعد موصوفہ کو تعینات کیا گیا ہے ۔منجا کوٹ کی نجی سکول ایسوسی ایشن کے اراکین نے موصوفہ کا استقبال کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ تعلیمی زون میں شعبہ کی ترقی کیلئے اہم اقدامات اٹھائے جائیںگے ۔
تھنہ منڈی میںمتعدد اسکولوں کا معائینہ کیاگیا
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// سب ڈویژنل مجسٹریٹ تھنہ منڈی وکاس دھر بھگتی نے تھنہ منڈی کے متعدد اسکولوں کا معائینہ کیا جہاں انھوں نے اسکول انتظامیہ اور بچوں کے ساتھبات چیت بھی کی ۔اس دوران موصوف نے بچوں کے مسائل سنے اور تعلیمی سرگرمیوں سے متعلق جانکاری حاصل کی۔ انہوں نے طلباء سے کہا کہ وہ آئندہ امتحان کے لئے تیاری کرکے نتائج میں بہتری لانے کی بھرپور کوشش کریں۔ انہوں نے ملازمین کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اپنے علاقے کی تعلیمی ترقی کیلئے ہر ممکن کوشش کریں اور اپنے منصبی فرائض انجام دینے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کریں۔ آفسر موصوف نے مزید کہا کہ تعلیم کے نظام کو چست اور درست رکھنے کے لئے پورے علاقے میںمعائینہ کا عمل جاری رہے گا۔دریں اثناء علاقے کے تمام علمائے کرام اور عوام نے ایس ڈی ایم تھنہ منڈی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک متحرک اور فعال آفیسر ہیں اور ان کے اس طرح کے اقدامات سے یقینی طور پر تعلیمی اداروں میں جان پیدا ہو گی۔ اس دوران ایک مقامی نوجوان نے کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایس ڈی ایم کے دورے کے دوران انہوں نے زندگی میں پہلی بار تعلیمی اداروں میں سہہ پہر 4 بجے تک چہل پہل دیکھی جو کہ نہایت ہی خوش آئند بات ہے۔ عوام نے تھنہ منڈی کی صاف شفاف انتظامیہ سے مستقبل قریب میں اسی طرح کے لگاتار دوروں کا مطالبہ کیا تاکہ ان کے بچوں کی تعلیم متاثر نہ ہو۔
کوٹرنکہ میں فائر سروس دستیاب نہیں
مشکل وقت میں عام لوگوں کو دقتوں کا سامنا
محمد بشارات
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ سب ڈویژں میں ابھی تک فائر اینڈ ایمر جنسی سروس دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو مشکل وقت میں کرئی طرح کے مسائل کا سامنا رہتا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ کوٹرنکہ سب ڈویژن میں کئی مرتبہ آگ کی وارداتوں میں لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ہے لیکن انتظامیہ سے کئی مرتبہ رجوع کرنے کے باوجود بھی ابھی تک سب ڈویژن میں مذکورہ سروس سٹیشن قائم نہیں کیا گیا ہے ۔غور طلب ہے کہ کوٹرنکہ میں کسی بھی آگ کی واردات کے دوران راجوری سے مذکورہ سروس لانا پڑتی ہے جبکہ راجوری سے کوٹرنکہ کا کئی کلو میٹر سفر طے کرنے کے دوران لوگوں کے گھروں کا شدید نقصان ہو جاتا ہے ۔مقامی لوگوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ کوٹرنکہ سب ڈویژں ہیڈ کوارٹر پر فائر اینڈ ایمر جنسی سروس سٹیشن قائم کیا جائے ۔
راجوری میں قومی ویکسین ڈے منایا گیا
محمد بشارت+پرویز خان
کوٹرنکہ //ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں ڈاکٹر سلیم الرحمن اور چیف میڈیکل آفیسر راجوری ڈاکٹر شمیم بھٹی کی ہدایات کے ضلع راجوری میں متعدد مقامات پر قومی ویکسین ڈ ے منایاگیا ۔ڈاک بنگلہ کوٹرنکہ میں ویکسین ڈے کی مناسبت سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔تقریب کے دوران اے ڈی سی کوٹرنکہ سریندر موہن نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔اس دوران بلاک میڈیکل آفیسر ڈاکٹر اقبال ملک نے شعبہ کے ملازمین کی جانب سے کووڈ ویکسی نیشن کے دوران دی گئی خدمات کی سراہنا کی جبکہ بہترین کارکردگی کے سلسلہ میں ہیلتھ ورکرز کو اے ڈی سی کوٹرنکہ اور بی ایم او کنڈی کے ہاتھوں اعزازات سے بھی نوازا گیا۔ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں محمد ایوب ،رویالہ بٹ ،نسیم اختر ودیگران شامل ہیں ۔اسی طرح منجا کو ٹ میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران جہاں محکمہ صحت کے فرنٹ لائن ورکروں کے کام کی ستائش کی گئی وہائیں پروگرام کے دوران خان ایجوکیشن اور منجا کوٹ انٹر نیشنل سکول کے بچوں نے پروگرام کی مناسبت سے اپنے خیالات کا اظہار کیا جبکہ اس دوران بچوں کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی ۔
شہید محمد اختر میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ اختتام پذیر
حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے حلقہ پنچایتوں ڈینگلہ میں شہید محمد اخترمیموریل کرکٹ ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہوا۔اس سلسلہ کا فائنل میچ بدھ کے روز کھیلا گئے جس میں سرنکوٹ اور شاہ پور کی ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلے کے بعد شاہ پور نے شاندار جیت حاصل کی اور ٹورنامنٹ کی فاتح قرار پائی۔ واضح رہے کہ ڈینگلہ میں منعقدہ اس ٹورنامنٹ میں سرحدی ضلع پونچھ کے مختلف علاقوں سے 16 ٹیمیں شامل ہوئی تھی جن میں شاہپور کرکٹ کلب اور سرکوٹ کرکٹ کلب کے درمیان آخری یعنی فائنل میچ کھیلا گیا۔اس دوران انعاماتی تقریب منعقد کی گئی جس میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی ضلع صدر انجینئر محمد رفیق چشتی اور سرپنچ حلقہ پنچایت ڈینگلا روبینہ اخترمہمان خصوصی اور مہمان اعزازی کی حیثیت سے شامل ہوئے۔ان دونوں لیڈران نے ہارنے اور جیتنے والی ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر نے اس دوران اپنی طرف سے جیتنے والی ٹیم کو پانچ ہزار روپے اور ہارنے والی ٹیم کو دس ہزار روپے نقد انعام سے نوازا اس کے علاوہ دس ہزار روپے کھیلوں کا سامان خریدنے کے لئے دیئے۔ انہوں نے گراؤنڈ کے لیے دو لاکھ روپے دینے کا بھی اعلان کیا تاکہ گراؤنڈ کی حالت کو بہتر بنایا جا سکے۔
پونچھ میں محکمہ جل شکتی کی کارروائی
کئی نئے اندراج و غیر قانونی کنکشن کاٹے گئے
حسین محتشم
پونچھ//محکمہ جل شکتی(پی ایچ ای ) کے ایگزیکٹیو انجینئر راجیش سیٹھی کی ہدایت پر پونچھ میں غیر قانونی کنکشنوں کے خلاف سخت مہم چلائی جارہی ہے۔اس دوران اے ای ای عبدالقیوم کی قیادت میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو جگہ جگہ گائوں گائوں جا کر جائزہ لے رہی ہے اور غیر قانونی کنکشن کاٹے جا رہے ہیں جبکہ اس دوران نئے اندراج کروا ئے جا رہے ہیں۔اس دوران محکمہ کی جانب سے لوگوں کی جانب بقایا رقومات کی وصولی میں بھی محکمہ کو بڑی کامیابی مل رہی ہے۔ایگزیکٹیوں انجینئر راجیش سیٹی نے بتایا کہ لوگوں کو صاف پینے کا پانی فراہم کرنے کے لئے محکمہ کی جانب سے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔انھوں نے کہا کہ لوگوں نے محکمہ کی کنکشن تو لگا رکھے ہیں لیکن بل جمع نہیں کروائے ہیں جس کو دیکھتے ہوئے محکمہ کو سختی سے کام کرنا پڑ رہا ہے۔انھوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ محکمہ کا تعاون کریں تاکہ ان کو ان کی ضرورت کے مطابق ؎پانی دستیاب کرایاجا سکے۔انھوں نے انتباہ دیا کہ بصورت دیگر محکمہ کنکشن کاٹنے پر مجبور ہوجائے گا۔
آنگن واڑی ورکروں کا احتجاج مسلسل جاری
حسین محتشم
پونچھ//جموں کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کے صدر مقام پر کرشن چندر پارک پونچھ کے احاطے میں آنگن واڑی کارکنان نے تیسرے روز بھی اپنے مطالبات کے سلسلے میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔آنگن واڑی ایسوسی ایشن کے بینر تلے ضلع صدر نصیب جان کی قیادت میں منعقدہ اس احتجاج میں کثیر تعداد میں آنگن واڑی کارکنان نے حکومت کے ذریعے ان کے مطالبات تسلیم نہیں کرنے پر سخت غم و غصہ کا اظہار کیا ۔ اس دوران آنگن واڑی ملازمین نے نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مطالبات کو تسلیم نہیں کیا گیا تو یہ مظاہرہ جاری رہے گا۔ آنگن واڑی ایسوسی ایشن کی صدر نصیب جان نے بتایا کہ آنگن واڑی کارکنان کافی غمزدہ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ2018میں جب انھوں نے احتجاج کیا تھا تو حکومت نے آنگن واڑی کارکنان کے مسائل کو حل کئے جانے کا وعدہ کیا تھا، لیکن ابھی تک ایسا کچھ بھی نہیں ہوا۔ نہوں نے کہا کہ آنگن واڑی ملازمین کی تنخواہ میں اضافہ نہیں ہورہا ہے نہ ہی ان کی سبکدشی پر ان کو کچھ دیا جاتا ہے اور نہ ہی ان کو پرموشن دی جارہی ہے۔انھوں نے کہا کہ ان سے وعدہ کیا گیا تھا کہ ان کے تمام مطالبات حل ہوں گے ۔انھوں نے کہا ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ آنگن واڑی ملازمین کے تمام مطالبات کو فوری حل کیا جائے۔انھوں نے کہا اگر حکومت ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کرتی ہے تو وہ مستقبل اور زبردست احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔
ڈگری کالج سرنکوٹ میں بیداری پروگرام کا انعقاد
حسین محتشم
پونچھ// ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ اینڈ کونسلنگ سنٹر (DE&CC) پونچھ نے گورنمنٹ ڈگری کالج سرنکوٹ کے آڈیٹوریم ہال میں ضلع کے بے روزگار نوجوانوں کیلئے مختلف محکموں کے ذریعے چلائے جانے والے مشن یوتھ کی اسکیموں پر ایک روزہ پروگرام کا انعقاد کیا۔ یہ پروگرام یوتھ والنٹیئر پروگرام کے تحت منعقد کیا گیا جہاں بے روزگار نوجوانوں کو خود روزگار کی مختلف اسکیموں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ماہرین نے بے روزگار نوجوانوں کو بتایا مشن یوتھ کی اسکیموں کا مقصد نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہے، تاکہ وہ اپنے اور دوسروںکیلئے روزی روٹی پیدا کرسکیں۔ ایمپلائمنٹ آفیسررئیس اقبال نے شرکاء کو مشن یوتھ کی مختلف اسکیموں کے بارے میں آگاہ کیا جن میں، ممکن، تیجسوانی، رائز ٹوگیدر، ٹورسٹ ویلج نیٹ ورک، سیتھا-یوتھ ان ڈسٹریس، اے وی ایس اے آر، اسکل ڈیولپمنٹ انیشیٹوز، یوتھ کلب، سائیکو-سوشل سپورٹ، ینگ انوویٹرز پروگرامز جو کہ جامع اور عملی نوجوانوں کی شمولیت اور پائیدار خطوط پر بااختیار بنانے کیلئے ہیں۔پروگرام ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ اینڈ کونسلنگ سنٹر، انفارمیشن، ہیلتھ اینڈ جے اینڈ کے بینک کے افسران اور اہلکاروں نیشرکت کی۔اس دوران حکومت کی روزگار پیدا کرنے کی اسکیموں کے بارے میں آگاہی کے علاوہ نفسیاتی سماجی مشاورت اور منشیات کے استعمال پر ثقافتی پروگرام بھی پیش کئے گئے۔ بلاک میڈیکل آفیسر سرنکوٹ نے منشیات سے نجات کی حکمت عملی اور کوڈ کے بارے میں بات کی۔ محکمہ انفارمیشن کی جانب سے اس دوران تمدنی پروگرام پیش کیا گیا۔ اس موقعہ پر ایس ڈی ایم سرنکوٹ، پرنسپل جی ڈی سی سرنکوٹ، پروفیسرز، سول سوسائٹی ممبران موجود رہے۔
فوج نے خون کے عطیہ کیلئے کیمپ کا انعقاد کیا
سمت بھارگو
راجوری//گزشتہ روز ایڈوانس لینڈنگ گراؤنڈ (ALG) راجوری میں ایک میگا خون عطیہ کیمپ کا انعقاد کیاگیا جس میں سینکڑوں فوجی اہلکاروںاور سول رضاکار خون عطیہ کرنے کیلئے قطار میں کھڑے رہے جبکہ جمع کئے گئے خون کو گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری میں جمع کیا گیا ہے۔فوج نے کہا کہ ایس آف اسپیڈس ڈویژن کے تحت ایس آف اسپیڈس گنرز نے اس میگا بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا۔اس موقع پر سینئر فوجی افسران،پرنسپل جی ایم سی راجوری، ڈاکٹر غلام علی شاہ، ڈاکٹر جاوید چوہدری صدر اسلامک ویلفیئر آرگنائزیشن شفقت میر، پی ڈی پی کے ضلع صدرتعظیم ڈارودیگران بھی موجود رہے ۔اس موقع پر سینکڑوں فوجی اہلکاروں اور سیول رضاکار بشمول اسلامک ویلفیئر آرگنائزیشن خون کے عطیہ کیلئے قطار میں کھڑے رہے جس میں ایک سو پچاس یونٹ سے زیادہ خون کا عطیہ دیا گیا۔پرنسپل جی ایم سی ڈاکٹر غلام علی شاہ نے اسے انتہائی قابل تحسین اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ خون کے عطیہ کو ہمیشہ سے ہی ایک عظیم مقصد قرار دیا گیا ہے اور فوج ہمیشہ اس طرح کے خون کے عطیہ کیمپوں کا انعقاد کر کے اس میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی زندگی میں خون کا عطیہ دینے والے بنیں تاکہ لوگوں کی زندگیاں بچائی جاسکیں ۔